کیا حکومت پیٹرول سبسڈی اسکیم ختم کرنے جارہی ہے؟ عوام کے لیے بڑی خبر


اسلام آباد‌(قدرت روزنامہ) آئی ایم ایف نے پیٹرول سبسڈی اسکیم کو مرحلہ وار ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول سبسڈی اسکیم کو مزید وسعت نہ دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) نے پاکستان کے حوالے سے اعلامیہ جاری کر دیا، جس میں پاکستان کو جاری توسیعی فنڈ سہولت (EFF) اور موسمیاتی تبدیلی پروگرام کے تحت اہم اقساط کی منظوری کے ساتھ ساتھ معاشی اصلاحات اور پیٹرولیم سبسڈی سے متعلق سخت مطالبات کیے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان کو موجودہ قرض پروگرام ای ایف ایف کی پانچویں قسط کی مد میں ایک ارب ڈالر حاصل ہو سکیں گے جبکپہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ آر ایس ایف پروگرام کے تحت چوتھی قسط کی مد میں 21 کروڑ ڈالر ملیں گے۔
آئی ایم ایف نے وزیراعظم شہباز شریف کی پٹرول سبسڈی اسکیم کو مرحلہ وار ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول سبسڈی اسکیم کو مزید وسعت نہ دی جائے۔
آئی ایم ایف نے مزید کہا کہ پٹرول کی سبسڈی اسکیم صرف مستحقیق تک محدود کی جائے
آئی ایم ایف نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر عملدرآمد جاری رکھا جائے، واجبات کی وصولی بہتر بنائی جائے اور پیداواری لاگت میں کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
اعلامیے میں گیس سیکٹر کی وصولیاں بہتر بنانے اور نقصانات کم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف نے پاکستان میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کے اخراجات کو اہداف سے کم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2025 میں صحت عامہ اور تعلیم پر معیشت کا محض 2.2 فیصد، جبکہ مالی سال 2026 میں 2.5 فیصد خرچ ہوا۔
آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان رواں مالی سال 2027 میں صحت عامہ اور تعلیم پر معیشت کا 2.8 فیصد خرچ کرے۔
خیال رہے وزیراعظم شہباز شریف نے تین ماہ کی فیول ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ماہانہ 20 لیٹر اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو 30 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جا رہا تھا۔ حکومت نے اس اسکیم کے لیے 75 ارب روپے مختص کیے تھے۔

WhatsApp
Get Alert