نانا پاٹیکر نے موت سے 2 روز پہلے کیا کہا تھا؟ آخری گفتگو کی تفصیلات سامنے آگئیں

ممبئ (قدرت روزنامہ)بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار نانا پاٹیکر کی اچانک موت نے شوبز حلقوں کو سوگوار کردیا، ان کے قریبی ساتھی اور فلم ’دی کنفیشن‘ کے شریک پروڈیوسر سبھاش کالے نے اداکار سے موت سے دو روز قبل ہونے والی آخری گفتگو کے بارے میں اہم انکشاف کیا ہے۔
سبھاش کالے کے مطابق نانا پاٹیکر سے ان کی موت سے دو روز قبل بات ہوئی تھی جس میں اداکار نے بتایا تھا کہ وہ جمعہ 9 اکتوبر کو ممبئی پہنچیں گے اور اپنی فلم ’دی کنفیشن‘ کی ڈبنگ مکمل کریں گے۔
فلم کی ڈبنگ کا صرف ایک جملہ باقی تھا۔ نانا پاٹیکر نے سبھاش کالے سے کہا تھا کہ وہ ممبئی پہنچ کر یہ جملہ ریکارڈ کروائیں گے۔ اس کے علاوہ اداکار کی ایک دوسری فلم کی شوٹنگ بھی ممبئی میں شیڈول تھی۔
سبھاش کالے نے نانا پاٹیکر کے انتقال کو فلم انڈسٹری کیلئے’بہت بڑا نقصان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں صبح سویرے اداکار کے انتقال کی خبر ملی تو انہیں یقین ہی نہیں آیا۔
انہوں نے بتایا کہ نانا پاٹیکر جب بھی ممبئی آتے تھے تو سب سے پہلے انہیں فون کرتے اور اسٹوڈیو آنے کی اطلاع دیتے تھے۔ دونوں ساتھ وقت گزارتے، ہنسی مذاق کرتے اور گانے بھی گاتے تھے۔ سبھاش کالے نے جذباتی انداز میں کہا کہ نانا پاٹیکر ایک غیر معمولی انسان تھے اور ان کی اچانک موت کا صدمہ بیان کرنا ان کیلئے مشکل ہے۔
واضح رہے کہ نانا پاٹیکر کی زیر تکمیل فلم ’دی کنفیشن‘، جسے ’دی کنفیشن آف میری‘ بھی کہا جاتا ہے حقیقی قتل کے ایک واقعے پر مبنی ہے۔ فلم کی ہدایت کاری نیشنل ایوارڈ یافتہ فلم ساز اننت نارائن مہادیون نے کی ہے۔
فلم کی کہانی جون 1966 میں کیرالہ میں پیش آنے والے ایک قتل کے مقدمے کے گرد گھومتی ہے جہاں 43 سالہ بیوہ اور پانچ بچوں کی ماں ماری یاکوٹی کی لاش ایک ندی کے قریب سے ملی تھی۔ بعد ازاں ایک رومن کیتھولک پادری کو اس قتل کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
فلم میں نانا پاٹیکر کے علاوہ آشیش ودیارتی، عادل حسین، گوتم روڈ، جوئے سینگپتا، نیہا مہاجن، پنکھوری اوستھی اور میناکشی مارٹن بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ فلم کو ستمبر میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں پریمیئر کیلئے منتخب کیا گیا تھا تاہم اس کی سنیما ریلیز کی تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
75 سالہ نانا پاٹیکر جمعرات 8 اکتوبر کو گوا کے علاقے ڈونا پاؤلا میں واقع اپنے گھر پر دل کا دورہ پڑنے کے بعد انتقال کر گئے۔
انہیں بے ہوشی کی حالت میں منی پال اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تقریباً 45 منٹ تک انہیں بچانے کی کوشش کی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔
نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار نے ان کے انتقال کی تصدیق کی۔ اداکار کے انتقال پر بھارتی فلم انڈسٹری کی متعدد شخصیات اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا۔
