حکومت کا سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کا فیصلہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)حکومتی ویژن کے مطابق عازمین حج کی آسانی کے لیے ایک اور وعدے کی تکمیل کی جانب پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت وزارت مذہبی امور، وزارت خزانہ اور قومی بچت کے اشتراک سے حج سیونگ پلان پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی منظوری کے بعد سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق سیکریٹری مذہبی امور کی زیر صدارت وزارت خزانہ اور مرکزی قومی بچت کے نمائندوں کا مشاورتی اجلاس ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ عازمین حج سیونگ پلان میں ڈیجیٹل ذرائع سے ماہانہ رقم جمع کرا سکیں گے جبکہ حج سیونگ پلان میں بچت کی مدت کے انتخاب اور فیملی ٹرانسفر کی سہولت بھی شامل ہوگی۔
عازمین حج کو کسی بھی وقت بلا کٹوتی رقم واپس لینے کی سہولت دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔ سیکریٹری مذہبی امور نے حج سیونگ پلان کے قواعد دو ماہ میں تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
اجلاس میں حج کے ساتھ عمرہ اور مذہبی زیارات کے لیے بھی سیونگ اسکیم متعارف کروانے پر غور کیا گیا۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق حج سیونگ پلان سے بڑھتی مہنگائی کے تناظر میں بروقت مالی منصوبہ بندی ممکن ہو گی جبکہ حج سیونگ پلان کے طریقہ کار اور دیگر تفصیلات مناسب وقت پر جاری کی جائیں گی۔
