خیبرپختونخوا کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سہیل آفریدی کو استعفیٰ دے دینا چاہیے، فیصل کریم کنڈی

پشاور(قدرت روزنامہ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی موجودہ خراب صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے، جو اپنے اراکین اسمبلی اور وزرا کا تحفظ نہیں کرسکتے، وہ صوبے کے عوام اور وسائل کا تحفظ کیسے کریں گے۔

گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کہتے ہیں کہ ان کے پاس اختیارات نہیں، اگر ایسا ہے تو وہ حکومت میں کیوں بیٹھے ہیں، کیا صرف پیسہ بنانے اور کرپشن کے لیے حکومت میں ہیں؟ صوبے میں ڈاکٹرز، نرسز، اساتذہ اور مختلف محکموں کے ملازمین ہڑتال پر ہیں، لیکن حکومت اپنے معاملات میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کہتے ہیں کہ ہم نہ بھی ہوئے تو کارکن چلے جائیں گے، میں کہتا ہوں کہ جرات ہے تو لیڈر پہلے خود آجائیں، مجھے معلوم ہے کہ ان کے ساتھ کیسے نمٹنا ہے اور گورنر ہاؤس کی حفاظت کیسے کرنی ہے۔ اگر 9 مئی جیسے اقدامات کی دوبارہ کوشش کی گئی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے، وہ پہلے بھی 9 مئی کے واقعات کا داغ نہیں دھو سکے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو بتانا چاہیے کہ ان کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو کون اٹھا رہا ہے۔ اگر وہ اپنے اراکین اور وزرا کا تحفظ نہیں کرسکتے تو صوبے کے عوام، حقوق اور وسائل کا تحفظ کیسے کریں گے؟ ان کے پاس پولیس سمیت تمام اختیارات ہیں، اس کے باوجود وہ بے بسی کا اظہار کرتے ہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 149 اور 131 سمیت متعلقہ آئینی دفعات پڑھنی چاہییں۔ اگر وفاقی حکومت یا صدر پاکستان یہ سمجھتے ہیں کہ صوبے کے حالات اتنے خراب ہوگئے ہیں کہ ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کیا جاسکتا ہے تو اس حوالے سے فیصلہ وہی کریں گے، اور صوبے میں اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسے لانگ مارچ کے بجائے ‘لکی ایرانی سرکس’ بنا دیا گیا ہے۔ ایک شہر سے دوسرے شہر اور ایک چوک سے دوسرے چوک جانے والے اس مارچ میں شرکا کی تعداد بھی کم دکھائی دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب مارچ کا رخ صوابی کی طرف ہوتا ہے تو قیادت کسی اور شہر جانے کا سوچنے لگتی ہے۔ اگر ان میں ہمت ہے تو صوابی پہنچ کر دکھائیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے سندھ اور پنجاب میں بڑے بڑے دوروں کے دعوے کیے، لیکن ان کے قافلوں میں گنتی کے چند افراد ہی نظر آتے ہیں۔ ان کے بقول، پارٹی کے اہم رہنما اسلام آباد میں بیٹھے ہیں، جب کہ کارکنوں کی بڑی تعداد غائب ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت چلانے کے لیے 1973 کا آئین ایک مقدس دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، سیاسی رہنماؤں کو آئین کے مطابق چلنا چاہیے۔ اگر کوئی اپنے من پسند طریقے سے نظام چلانے کی کوشش کرے گا تو مسائل حل نہیں ہوں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انہیں فون کرکے پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم پر بات چیت کا موقع دیا تھا۔ اس اجلاس میں پارلیمانی جماعتوں کے نمائندے، پیپلز پارٹی کی قیادت، پارٹی کے چیئرمین اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف موجود تھے، لیکن ان کے بقول اصل اختیار ایک ایسے شخص کے پاس تھا جو ملک سے باہر بیٹھ کر فیصلے کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے ساتھ اچھے تعلقات ہونے کا دعویٰ اپنی جگہ، لیکن جب تک ان کے پاس اپنے فیصلے کرنے کا اختیار نہیں ہوگا، مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چوری کے وقت چور اکٹھے ہوتے ہیں اور تقسیم کے وقت آپس میں لڑتے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی موجودہ لڑائی سے ان کا اپنا مؤقف سامنے آگیا ہے کہ ان کے درمیان کیا چل رہا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں دہشتگردی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان، لکی مروت، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، سوات، کرک اور خیبر میں واقعات پیش آچکے ہیں، لیکن صوبائی حکومت دہشت گردوں کی مذمت کرنے اور انہیں للکارنے میں بھی ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، جب کہ حکومت اپنی سیاسی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔

انہوں نے پولیس کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو مطلوبہ وسائل، جدید اسلحہ اور سہولتیں فراہم نہیں کی جارہیں۔ دہشت گردوں کے پاس اسنائپرز، نائٹ وژن اور تھرمل آلات ہیں، جب کہ پولیس اہلکاروں کو محدود وسائل کے ساتھ لڑنا پڑتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے بچوں کی تعلیم اور ان کے خاندانوں کی معاونت کے لیے حکومت نے کیا اقدامات کیے ہیں؟

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال سے متعلق وفاقی حکومت جب بھی رپورٹ طلب کرے گی، انہیں دستیاب معلومات کی بنیاد پر حقائق سے آگاہ کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert