لیوی ختم کرنے کا ایجنڈا نہیں تو وزیراعظم سے ملاقات کی ضرورت نہیں، حافظ نعیم

لاہور(قدرت روزنامہ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا اعلان کریں، بصورت دیگر وزیراعظم سے ملاقات نہیں کریں گے بلکہ سڑکوں پر ملاقات ہوگی۔ اگر ملاقات کا ایجنڈا ہی پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ نہیں تو وزیراعظم سے ملنے کی کیا ضرورت ہے؟۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دو روز بعد اجلاس کے بعد لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ملتان سے کیا جائے گا اور چاروں اطراف سے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کل اوکاڑہ میں جلسہ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کی بات کی جائے تو معاملے کو آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط کردیا جاتا ہے، حالانکہ لیوی کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو احتجاج اور فساد چاہیے، لیکن جماعت اسلامی ایسا کوئی کام نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ لیوی بھتہ کے خاتمہ کی بات کی جائے تو پھر آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط کردیا جاتا ہے لیکن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جاری رہتا ہے، حیرت کی بات یہ ہے آئی ایم ایف ان کو بے نظیر انکم سپورٹ جیسے پروگرام چلانے کی اجازت دیتا ہے، اس پروگرام کا پیسہ کرپشن میں چلا جاتا ہے، ان کے پاس غربت کے خاتمے کےلئے کوئی پلان نہیں ہے، ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں اضافہ ہورہا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں افراتفری ہے اور گورنر راج یا ایمرجنسی کی باتیں ہورہی ہیں جو قابل قبول نہیں، عمران خان سمیت کسی کو بھی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہئے، ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی فی الفور رہا ہوں، جن الزامات پر بانی پی ٹی آئی قید میں ہیں تو پھر سب سیاستدانوں کو بھی جیل کے اندر ہونا چاہئے، پی ٹی آئی کی اسیر خواتین کو بھی فوری رہا کیا جائے۔

WhatsApp
Get Alert