شناختی کارڈ کی تصویر اور مستقل پتہ گھر بیٹھے تبدیل کریں، نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ کا طریقہ بتا دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی کارڈ کی تصویر اور مستقل پتہ گھر بیٹھے تبدیل کرنے کا طریقہ بتا دیا ہے۔ نادرا کے مطابق شہری پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواست جمع کرا سکتے ہیں اور اس مقصد کے لیے نادرا کے دفاتر جانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نادرا کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق شہریوں کو سب سے پہلے اپنے موبائل فون پر پاک آئی ڈی ایپ میں لاگ اِن کرنا ہوگا۔ اس کے بعد ہوم اسکرین پر موجود ’’شناختی کارڈ‘‘ کا آپشن منتخب کرکے درخواست کا عمل شروع کرنا ہوگا۔
اپنے شناختی کارڈ میں تبدیلی کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو ’’مائی سیلف‘‘ (Myself) کا آپشن منتخب کرنا ہوگا، جبکہ کسی خونی رشتہ دار کی جانب سے درخواست جمع کرانے کی صورت میں ’’مائی بلڈ ریلیٹو‘‘ (My Blood Relative) کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس کے بعد شناختی کارڈ کی تجدید (Renewal) کا آپشن منتخب کرکے مطلوبہ معلومات میں تبدیلی کرنا ہوگی۔ تمام ضروری مراحل مکمل کرنے اور درکار تفصیلات درج کرنے کے بعد درخواست جمع کرائی جا سکتی ہے۔
نادرا کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے تازہ ترین ورژن میں شہریوں کو اپنے، اپنے شریکِ حیات اور اہل بچوں کے ڈیجیٹل شناختی کارڈ حاصل کرنے، محفوظ کرنے اور ضرورت کے وقت شیئر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
ایپ میں کیو آر کوڈ اسکین کرنے کا فیچر بھی شامل ہے، جس کے ذریعے بچوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ب فارم) یا شناختی کارڈ کی منسوخی کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔ صارفین ڈیجیٹل دستاویز پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے متعلقہ تصدیق شدہ معلومات دیکھ سکتے ہیں۔
مزید برآں، پاک آئی ڈی ایپ کے تازہ ترین ورژن میں حج یا عمرے کے لیے سفر کرنے والے شہریوں کی سہولت کے لیے انفلوئنزا اور میننجائٹس کی ویکسینیشن سے متعلق بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔
نادرا کی ان ڈیجیٹل سہولیات کا مقصد شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات گھر بیٹھے فراہم کرنا اور درخواستوں کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
