باقاعدہ ورزش تمباکو نوشی چھوڑنے کے امکانات بہتر بنا سکتی ہے، تحقیق

ایڈیلیڈ (قدرت روزنامہ) آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف ایڈیلیڈ کے محققین کی تحقیق کے مطابق باقاعدہ ورزش نکوٹین کی طلب کم کرکے تمباکو نوشی چھوڑنے اور تمباکو نوشی سے پاک رہنے کے امکانات بہتر بنا سکتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ باقاعدہ ورزش سے تمباکو نوشی کامیابی سے چھوڑنے کے امکانات 15 فیصد اور چھوڑنے کے بعد تمباکو نوشی سے پاک رہنے کے امکانات 21 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔
اس تحقیق میں 59 کلینیکل ٹرائلز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا جن میں تقریباً 9 ہزار شرکاء شامل تھے۔ محققین نے ورزش کے تمباکو نوشی سے پرہیز، نکوٹین کی طلب، انخلا کی علامات اور موڈ پر اثرات کا جائزہ لیا۔
نتائج کے مطابق جو افراد باقاعدہ ورزش کرتے ہیں، نکوٹین کی طلب کم ہونے کے ساتھ ساتھ ان کی سگریٹ نوشی کی مقدار بھی بتدریج کم ہو سکتی ہے۔ محققین نے ورزش کو ایک عملی اور کم لاگت ذریعہ قرار دیا جو تمباکو نوشی چھوڑنے کی کوشش کرنے والے افراد کی مدد کر سکتا ہے۔
تاہم انہوں نے زور دیا کہ ورزش کو پیشہ ورانہ مشاورت یا نکوٹین کی لت کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ادویات کا متبادل نہیں سمجھا جانا چاہیے۔
تمباکو نوشی دنیا بھر میں ہر سال لاکھوں اموات کا سبب بنتی ہے، جبکہ سیکنڈ ہینڈ دھواں غیر تمباکو نوش افراد کے لیے بھی سنگین صحت کے خطرات کا باعث ہے۔ محققین نے نوٹ کیا کہ اگرچہ تمباکو چھوڑنا صحت کے لیے سب سے مفید اقدامات میں سے ایک ہے، تاہم نکوٹین کی لت پر قابو پانا مشکل ہو سکتا ہے۔
یہ نتائج جرنل آف اسپورٹ اینڈ ہیلتھ سائنس میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل دسمبر 2023 میں آسٹریا کی یونیورسٹی آف انسبرک کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ صرف 10 منٹ کی معتدل ورزش، بشمول تیز چہل قدمی، تمباکو نوشی چھوڑنے کی کوشش کرنے والے افراد میں سگریٹ کی طلب کو عارضی طور پر کم کر سکتی ہے اور انخلا کی علامات کو کم کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
