پاکستان اور عمان کا خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان اور عمان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ہے۔
سلطنت عمان کےوزیرخارجہ سید بدربن حمدبن حمود البوسعیدی دفترخارجہ پہنچے،جہاں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نےانکا استقبال کیا،دونوں رہنماؤں کی ون آن ون ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نےکہاہےکہ پاکستان اورعمان کوخطے میں امن و استحکام کے لیےملکربھرپورکوششیں کرنا ہوں گی،کیونکہ کشیدہ صورتحال سے پاکستان سمیت پوری دنیامتاثر ہو رہی ہے،توانائی کی ترسیل متاثر ہونے اور قیمتوں میں اضافےکا بوجھ عام آدمی برداشت نہیں کرسکتا۔
بعد ازاں دونوں وزرائےخارجہ نے پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کےآٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اسحاق ڈار نےکہامشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس سات سال کے طویل وقفے کے بعد ہورہا ہے، دونوں ممالک نے اتفاق کیا ہےکہ آئندہ ایسے طویل وقفے نہیں آنے چاہییں۔
اسحاق ڈار نےبتایا کہ ملاقات میں امریکا، ایران اور آبنائے ہرمز سمیت عالمی مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی،اس کے علاوہ باب المندب،حوثیوں اورسعودی عرب کے درمیان کشیدگی سے متعلق نئی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم کاکہناتھاکہ خطےمیں کشیدگی کےباعث پاکستان کا توانائی کی ترسیل کانظام بھی متاثر ہواہےاورقیمتوں میں بےپناہ اضافہ ہوا ہے،اسکےاثرات صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ پوری دنیااس صورتحال سے متاثر ہورہی ہے۔
اسحاق ڈار نےزوردیا کہ خطےمیں حالات معمول پر لانے،امن و سکون بحال کرنے اورموجودہ مسائل کے حل کےلیےمشترکہ اقدامات ضروری ہیں،پاکستان اور عمان اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
بعدازاں مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمانی وزیرخارجہ نےکہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششیں رابطوں کے مواقع پیدا کرنے اور اعتماد سازی میں معاون ہیں،جبکہ علاقائی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، سفارتکاری اور تعمیری روابط اہم ہیں۔
اسحاق ڈار نےکہاکہ عمان میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے،پاکستان اور عمان نے افرادی قوت، فنی تربیت اور انسانی وسائل کی ترقی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، جبکہ پاکستانی ہنرمند پیشہ ور افراد اور کارکنوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
نائب وزیراعظم نےخصوصی اقتصادی اور آزاد تجارتی زونزمیں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے عزم کا اظہارکیا،انہوں نے مشترکہ آبی وسائل کو ہتھیاربنانے کے بھارتی اقدام کوخطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کی آبی، غذائی اور توانائی کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
اسحاق ڈار نےمشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں تعمیری کردار ادا کرنے پر عمانی وزیر خارجہ اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کیا،بتایا کہ پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس آئندہ سال عمان میں ہوگا،دونوں ممالک نے تعلیم،سائنس وٹیکنالوجی اورعوامی سطح پرروابط بڑھانے کےلیے عملی اقدامات پر بھی زور دیا۔
