خیبرپختونخوا میں مساجد کی سولرائزیشن کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف

پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا میں مساجد کی سولرائزیشن کے منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

دستاویزات کے مطابق منصوبے کے ساتوں پیکیجز میں کامیاب بولیاں سرکاری تخمینے سے زیادہ رہیں جبکہ پری کوالیفکیشن میں ناکام قرار دی گئی دو کمپنیوں کو شکایت کے بعد دوبارہ ٹینڈر کے عمل میں شامل کیا گیا۔

دستاویزات میں فی سولر یونٹ لاگت کے تعین، سابقہ معاہدے میں تاخیر پر جرمانہ عائد نہ کرنے اور مزید 500 مساجد کی سولرائزیشن کا کام دینے سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے۔

دستاویزات کےمطابق پی ٹی آئی دور حکومت میں 2 ہزار 490 مساجد کی سولرائزیشن کے 7 پیکیجز میں کامیاب بولیاں سرکاری تخمینے سے 7.98 سے 10.99 فیصد تک زیادہ رہیں جس سے سرکاری خزانے پر 50 کروڑ روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑا۔

دستاویزات کے مطابق پری کوالیفکیشن میں ناکام دو کمپنیوں کو شکایت کے بعد دوبارہ ٹینڈر کے عمل میں شامل کیا گیا جبکہ فی سولر یونٹ سرکاری تخمینے اور این آر ٹی سی کے سابقہ منصوبے کی لاگت میں تقریباً ایک لاکھ چھپن ہزار روپے کا فرق سامنے آیا۔

دستاویزات میں این آر ٹی سی کے سابقہ معاہدے میں تاخیر پر تقریباً 58 کروڑ 60 لاکھ روپے جرمانے کی ممکنہ رقم کا ذکر بھی ہے تاہم جرمانہ عائد کرنے کے بجائے ادارے کو مزید 500 مساجد کی سولرائزیشن کا کام دیا گیا جس پر 41 کروڑ91 لاکھ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ ہے۔

دوسری جانب پختونخوا انرجی ڈیولمپنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کا کہنا ہے کہ منصوبے میں تمام قانونی تقاضوں اور شفافیت کو مدنظر رکھا گیا، بولیوں کی جانچ مقررہ قواعد کے تحت ہوئی اور کسی فرم کو غیر قانونی فائدہ نہیں دیا گیا۔

پیڈو کے مطابق منصوبے میں تاخیر کی وجوہات میں فنڈز کی دستیابی اور انتظامی مسائل شامل تھے جبکہ مجموعی طور پر 7500 مساجد کی سولرائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert