کارکنوں کو احتجاج کی دعوت دے کر خود پیچھے ہٹ جانا قیادت کی ذمہ داری نہیں، شیر افضل مروت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) رکن پارلیمنٹ شیر افضل مروت کا کہنا ہے سلمان اکرم راجا صاحب! جب قیادت کا وقت آیا تو آپ نے گرفتاری کے خدشے کو قیادت سے گریز کی دلیل بنا دیا۔ یہ مؤقف نہ منطقی طور پر قابلِ دفاع ہے، نہ اخلاقی طور پر، نہ قانونی اعتبار سے۔
اپنے ایکس بیان میں انہوں نے کہا منطقی طور پر، اگر جبر ہی مزاحمت ترک کرنے کا جواز بن جائے تو ہر آمر کی دھمکی کامیاب اور ہر احتجاج بے معنی ہو جائے۔ اخلاقی طور پر، کارکنوں کو نکلنے کی دعوت دے کر خود گرفتاری کے اندیشے پر پیچھے ہٹ جانا قیادت کی ذمہ داری سے مطابقت نہیں رکھتا۔ قانونی طور پر، احتجاج کے حق کی پامالی اس حق سے دست برداری کی دلیل نہیں؛ اسے بحال کرانے کی جدوجہد کا سبب ہے۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا گرفتاری سے بچنے کی تدبیر ضرور کیجیے، مگر اسے قیادت سے دست برداری کا فلسفہ نہ بنائیے۔ اگر یہی مؤقف تھا تو لانگ مارچ کا اعلان کس بنیاد پر کیا تھا؟اعلان کے وقت جبر کو للکارنا، اور آزمائش کے وقت اسی جبر کو عذر بنا لینا—کیا قیادت صرف اعلان کرنے تک تھی، اور قربانی صرف کارکن کا فرض؟
