کوئٹہ میں بدامنی، چوری ڈکیتی کی وارداتیں اور گیس کی لوڈشیڈنگ ناقابلِ برداشت ہے: جے یو آئی

شہری پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہیں، موسمِ سرما سے قبل گیس پریشر میں کمی انتظامی نااہلی کا ثبوت ہے


امن ریلی کے مطالبات پر عملدرآمد کرانے کے لیے حکام پر بھرپور دباؤ برقرار رکھا جائے گا: مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیر صدارت مجلس عاملہ کا اجلاس
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عاملہ کا اجلاس ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہر کی مخدوش امن و امان کی صورتحال، بڑھتی ہوئی بدامنی، عوام کے جان و مال کا تحفظ، گیس کی لوڈشیڈنگ، شہری مسائل اور جماعتی شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ضلعی مجلس عمومی کے اجلاس کے دوران اراکین اور یونٹوں کے رہنماں کی جانب سے پیش کردہ تجاویز اور آرا پر بھی غور کیا گیا۔ شرکا نے کہا کہ کوئٹہ کے شہری مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں موسم سرما سے قبل گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا خاتمہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ شہر میں چوری، ڈکیتی، قتل و غارت اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے مثر حکمت عملی اپنائی جائے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ شرکا نے کہا کہ عوام کو محض یقین دہانیوں اور نمائشی اقدامات کے بجائے عملی اقدامات اور ٹھوس نتائج درکار ہیں۔
اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کی جانب سے منعقدہ امن ریلی میں پیش کیے گئے مطالبات پر عمل درآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اتفاق کیا کہ عوامی مسائل کے حل، امن و امان کے قیام اور شہری مشکلات کے ازالے کے لیے متعلقہ حکام پر مثر دبا برقرار رکھا جائے گا۔ اجلاس میں جماعتی نظم و نسق کو مزید فعال بنانے، عوامی رابطوں کو مضبوط کرنے اور شہری مسائل کو متعلقہ فورمز پر بھرپور انداز میں اٹھانے کے حوالے سے بھی متعدد فیصلے کیے گئے۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ عوامی حقوق کے تحفظ، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور قیام امن کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اجلاس میں ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، مفتی محمد روزی خان، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ عبدالغنی شہزاد، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ رشید احمد، مولانا حفیظ اللہ، مولانا محمد سلیمان، مولانا محب اللہ، مفتی محمد سعید، حاجی صالح محمد، حاجی ولی محمد بڑیچ، حاجی قاسم خان خلجی، مفتی نیک محمد فاروقی، میر سرفراز شاہوانی ایڈووکیٹ اور دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر عبدالصمد حقیار کی چچی اور مولانا جمال الدین حقانی کے چچا کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

WhatsApp
Get Alert