دیہی خواتین بلوچستان کی زرعی اور معاشی ریڑھ کی ہڈی ہیں، معاشی خودمختاری اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے: ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی
مردم شماری 2023 کے مطابق دیہی خواتین کی شرح خواندگی محض 26.59 فیصد ہے، لڑکیوں کے تعلیمی وسائل میں اضافہ ناگزیر ہے

ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ سے بلاسود قرضے، خواتین بازاروں کا قیام اور تحفظ کے مراکز فعال کیے جا رہے ہیں: مشیر ترقیِ نسواں
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچستان کی دیہی خواتین صوبے کی معاشرتی، معاشی اور زرعی زندگی میں غیر معمولی اہمیت رکھتی ہیں۔ کھیتی باڑی، گلہ بانی، دستکاری، گھریلو صنعتوں اور خاندان کی معاشی ضروریات پوری کرنے میں ان کی محنت بنیادی کردار ادا کرتی ہے، تاہم ان کی معاشی خدمات کا ایک بڑا حصہ باضابطہ اقتصادی سرگرمیوں اور اعداد و شمار میں نمایاں نہیں ہو پاتا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی خواتین کو ترقی کے عمل میں محض مستفید ہونے والے طبقے کے بجائے معاشی پیداوار اور فیصلہ سازی میں مؤثر شراکت دار تسلیم کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی دیہی خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار، مالی وسائل اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی میں متعدد مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان کی ساتویں قومی مردم شماری 2023 کے مطابق بلوچستان کے دیہی علاقوں میں خواتین کی شرح خواندگی صرف 26.59 فیصد جبکہ دیہی مردوں کی شرح خواندگی 44.16 فیصد ہے۔ یہ فرق واضح کرتا ہے کہ دیہی بچیوں کی تعلیم، تعلیمی اداروں تک محفوظ رسائی اور خواتین کی خواندگی کے لیے مزید مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت خواتین کی معاشی خودمختاری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان ویمن اکنامک ایمپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ہنرمند خواتین کو کاروبار کے لیے بلاسود مالی معاونت، خواتین بازاروں کا قیام، فنی تربیت اور دارالامان و قانونی معاونتی مراکز کو جدید خطوط پر فعال بنایا جا رہا ہے تاکہ دیہی خواتین کو باوقار اور محفوظ روزگار میسر آ سکے۔
