درابن کلاں: شاہ عالم روڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے باچا خان ناصر جلالخیل جاں بحق، علاقے میں سوگ کی فضا
تھانہ چودھوان کی حدود میں پیش آنے والے اس بزدلانہ واقعے کی شدید مذمت، مقتول کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی

علاقے کے امن پر حملہ قرار دیتے ہوئے لواحقین نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کب تک معصوم شہری اور نوجوان یوں نشانہ بنتے رہیں گے
کوئٹہ (قدرت روزنامہ)درابن کلاں تحصیل درابن کلاں میں بدامنی کا ایک اور دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں علاقے کے معتبر اور ہونہار فرد باچا خان ناصر جلالخیل جاں بحق ہو گئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ افسناک واقعہ تھانہ چودھوان کی حدود میں شاہ عالم روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے باچا خان ناصر کو بے دردی سے نشانہ بنایا۔ اس سانحے کے بعد پورے علاقے میں شدید سوگ اور صدمے کی فضا پھیل گئی ہے۔
مقامی افراد اور لواحقین نے اس بزدلانہ اور ظالمانہ قتل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ پورے قبیلے اور علاقے کے امن پر ایک براہِ راست حملہ ہے۔ انہوں نے شدید اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ آخر کب تک ہمارے لوگ یوں نامعلوم افراد کی گولیوں کا نشانہ بنتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ لواحقین اور رشتہ داروں کی جانب سے یہ بات بھی واضح کی گئی ہے کہ شہید باچا خان ناصر کی کسی کے ساتھ بھی کوئی ذاتی دشمنی نہیں تھی۔ اہل علاقہ اور قائدین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس تاریک واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کر کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
