تحریک تحفظ آئین پاکستان کا سربراہی اجلاس: کے پی میں گورنر راج مسترد، عمران خان سے ملاقات تک حکومت سے مذاکرات معطل کرنے کا فیصلہ

جب تک عمران خان کی صحت سے متعلق آگاہ اور ملاقات نہیں کرائی جاتی، حکومت سے بات چیت نہیں ہوگی، محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اجلاس کا اعلامیہ


کے پی میں غیر آئینی اقدامات کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا، تمام گرفتار قائدین اور سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ
انسانی حقوق کی پامالیوں اور آئین شکنی کے معاملات کو بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے سامنے اٹھایا جائے گا
اسلام آباد / کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہی اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے، جبکہ یہ اعلان بھی کیا گیا ہے کہ عمران خان سے ملاقات اور ان کی صحت سے متعلق معلومات فراہم کیے جانے تک حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ اجلاس کی صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کی۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حسن رضا، سید زین شاہ، سینیٹر مشتاق احمد خان، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، محمد زبیر، ساجد خان ترین، عمار علی جان، حسین احمد یوسفزئی اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال اور امن و امان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو آئین اور عوامی مینڈیٹ پر شب خون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صرف ایک صوبے کے عوام نہیں بلکہ تمام صوبوں کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ اس فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کی مکمل حمایت کی اور مطالبہ کیا کہ نئی پالیسیاں متعارف کرانے کے بجائے خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظور شدہ امن جرگے کی مشترکہ قرارداد پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
اجلاس کے شرکا نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر اور گرفتار ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت تمام سیاسی رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں عمران خان کی بہنوں کی رہائی، عمران خان سے ملاقات اور ان کے ذاتی معالجین کو رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کے مبینہ غیر آئینی اقدامات کے باعث اس کے ساتھ مذاکرات معطل رہیں گے۔ شرکا کے مطابق مذاکرات سے متعلق تمام اختیارات محمود خان اچکزئی کے پاس ہوں گے، جبکہ عمران خان سے ملاقات اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات ملنے تک حکومت سے بات چیت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں بلوچستان کے مسائل پر بھی بات کی گئی اور ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert