پہلی بار نائکوپ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کیلیے اہم خبر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پہلی بار نائکوپ بنوانے والے اوورسیز پاکستانیوں کیلیے اہم ہدایات جاری کر دیں۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگر آپ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے اوورسیز پاکستانی ہیں اور پہلی بار نائکوپ بنوانا چاہتے ہیں تو درخواست دینے سے پہلے ضروری دستاویزات اور تصدیق کے تقاضے مکمل کر لیں۔
بیان میں کہا گیا کہ والدین یا خون کے رشتہ دار کا شناختی کارڈ یا نائکوپ نمبر، غیر ملکی تفصیلی برتھ سرٹیفکیٹ یا S1 فارم یا شہریت یا نیچرلائزیشن سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ پاکستانی یا غیر ملکی پاسپورٹ، رہائشی اجازت نامہ، سفری دستاویز یا پاکستانی سفارتخانے یا مشن سے تصدیق شدہ اقرار نامہ A ضروری ہیں۔
نادرا نے کہا کہ درخواست فارم کی تصدیق والدین یا 18 سال سے زائد عمر کے بہن بھائی میں سے کسی ایک کی بائیومیٹرک تصدیق کے ذریعے کی جا سکتی ہے، اگر بائیومیٹرک تصدیق ممکن نہ ہو تو اندرونِ ملک گزیٹڈ آفیسر یا عوامی نمائندہ اور بیرونِ ملک کسی بھی نائکوپ ہولڈر سے درخواست فارم کی تصدیق کروانا ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر نادرا میں کوئی خاندانی ریکارڈ نہ ہو تو دو نائکوپ/ شناختی کارڈ ہولڈر بطور گواہ اور حلف نامہ B ضروری ہوں گے، درخواست پاک آئی ڈی موبائل ایپ یا متعلقہ نادرا رجسٹریشن سینٹر کے ذریعے دی جا سکتی ہے۔
