صحافت کے لبادے میں ذاتی مفادات حاصل کرنے والے جعلی عناصر کے خلاف بلا جھجھک سخت کارروائی کی جائے: بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب

بعض افراد اور گروہ صحافت کے نام پر سرکاری محکموں، پولیس اور نجی اداروں سے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے سرگرم ہیں، مسلسل شکایات پر گہری تشویش


شہری، حکام اور ادارے ملاقات سے قبل صحافتی ادارے، بی یو جے یا کوئٹہ پریس کلب سے وابستگی کی لازمی تصدیق کریں: منظور احمد، عرفان سعید و دیگر
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے) اور کوئٹہ پریس کلب کی قیادت نے شہریوں، سرکاری محکموں، پولیس، نجی اداروں اور شخصیات کی جانب سے جعلی صحافیوں و تنظیموں کے حوالے سے ملنے والی مسلسل شکایات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت کا لبادہ اوڑھے افراد اور گروہ ان دنوں سرگرم ہیں، حکام ان کے صحافتی میڈیا اداروں اور نمائندہ تنظیم بی یو جے یا کوئٹہ پریس کلب سے وابستگی کی تصدیق ضرور کریں اور جعلی عناصر کے خلاف بلا جھجھک سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
بی یو جے کے صدر منظور احمد، جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین سمیت پوری کابینہ اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، جنرل سیکرٹری ایوب ترین و کابینہ کے دیگر اراکین کے مشترکہ بیان میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ بعض افراد اور خود ساختہ گروہ صحافی اور صحافت کے نام پر سرکاری محکموں، پولیس، نجی اداروں اور شخصیات سے ملاقاتیں کر کے ذاتی مفادات حاصل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، جس کی مسلسل شکایات اور اطلاعات دونوں نمائندہ اداروں کو موصول ہو رہی ہیں۔
مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا کہ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (برنا) سے منسلک صوبے بھر میں صحافیوں کی واحد نمائندہ پروفیشنل تنظیم ہے جو گزشتہ 60 سال سے آزادیٔ صحافت، اظہارِ رائے کے حق اور صحافیوں کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہی ہے، جبکہ کوئٹہ پریس کلب بلوچستان کا سب سے بڑا اور کوئٹہ کا واحد پریس کلب ہے۔ ان دونوں اداروں سے وابستہ پروفیشنل صحافیوں کا خطے کی صحافت میں نمایاں مقام اور ان کی قربانیوں کی ایک طویل تاریخ ہے۔
بی یو جے اور کوئٹہ پریس کلب کی قیادت نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ ان کا ایسے جعلی صحافیوں اور نام نہاد گروہوں سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے ہر عام و خاص شہری، حکومت، سرکاری محکموں، نجی اداروں اور اہم شخصیات سے اپیل کی کہ وہ مکمل احتیاط برتیں اور خود کو صحافی کہلوانے والے کسی بھی فرد سے پیشگی اس کے صحافتی ادارے، بی یو جے یا کوئٹہ پریس کلب سے وابستگی کی تصدیق ضرور کریں۔ اگر تعلق ثابت نہ ہو تو وہ ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کے مجاز ہیں اور ان کے خلاف فوری و سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ بی یو جے اور پریس کلب اس سلسلے میں ہر قسم کے تعاون کے لیے پرعزم ہیں۔

WhatsApp
Get Alert