میں کبھی لوگوں کو انتظار نہیں کراتی، 10 بجے کا ٹائم ہو تو 9:55 پر پہنچ جاتی ہوں، مریم نوازشریف

میری میز پر ڈیجیٹل کلاک اور ہر پریزنٹیشن کے لیے ٹائمر ہوتا ہے، دس بجے کا مطلب دس بجے ہے، میں کسی ورکر یا افسر کو انتظار نہیں کراتی، وقت سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا وقت کی پابندی اور میرٹ پر زور


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ تعریف سے زیادہ تنقید ہوتی ہے لیکن پرواہ نہیں کرتی- والد میرے لئے مشعل راہ اورتجربات کا سمندر ہیں۔گھر میں ہی بہت سی قابل تقلید مثالیں موجود ہیں،نہ چاہتے ہوئے بھی گھر میں ٹریننگ ہوجاتی ہے- کامن ٹرینی پروگرام حکومت سندھ کے وفد کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ میرے اورآپ پر قوم نے بہت انوسٹ کیا، ملک نے عزت، پہچان اوربنیاد دی۔
فخر سے کہتی ہوں کہ میں میڈ ان پاکستان، ایجوکیٹڈ ان پاکستان اورلیو(Live) ان پاکستان ہوں۔ وزرات اعلی آسان نہیں مشکل کام ہے، ہر روز ایک نئے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وزرات اعلی یہ نہیں کہ آپ تیار ہو کر گاڑی میں آفس آئیں، چائے پئیں اورشا م کو گھر چلے جائیں۔
وزیراعلیٰ کے قلم سے ایک فیصلہ لاکھوں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لاسکتا ہے۔
بہت سے کام کرنے ہوتے ہیں ضائع کرنے کیلئے وقت نہیں ہوتا۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ہر کام کا وقت متعین ہے، وقت کی پابندی کیلئے گھڑی سامنے رکھ کر بیٹھتی ہوں، وقت بہت بڑا اثاثہ ہے۔میٹنگ کیلئے لیٹ نہیں ہوتی،لوگوں کو انتظار نہیں کرایا جاتا۔

جس دن لوگوں کی بہتری کے لئے کوئی پراجیکٹ یا فیصلہ نہ آئے لگتا ہے دن چلا گیا۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ملک نے ہمارے اوپر انویسٹ کرکے احسان کیا ہے ہم نے ملک و قوم کو احسان واپس لوٹانا ہے، ہر ایک کو ذمہ داریوں کا پورا بوجھ اٹھانا ہوگا۔فیصلہ کرتے ہوئے رسک لینا پڑتا ہے،ہمت کا مظاہرہ کرنا پڑتا ہے ورنہ کام نہیں چلتا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ہم میں سے ہر ایک نے نہ نظر آنے والاپاکستانی پرچم اٹھایا ہوا ہے۔
مواقع بار بار نہیں ملتے،محنت کریں گے تو ہر کام ممکن ہے۔کراچی سے آنے والے صحافیوں نے صفائی،خوبصورتی اورنظم و ضبط کی بہت تعریف کی۔کا م کرتے ہیں تو نظر آتے ہیں اورپھر تعریف کے ساتھ ساتھ تنقید بھی ہوتی ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ کبھی کوئی عہدہ نہیں تھا،کونسلر تک نہیں بنی،کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ میں اتنی کامیا ب ہوجاؤں گی۔
عوام کے مفاد کا معاملہ ہو تو آنکھیں ماتھے پر رکھ لیتی ہوں۔ مجھے گو رنمنٹ سے زیادہ مشکل پارٹی میں پیش آئی،یہاں پہنچنے کیلئے بہت محنت کرنا پڑی۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو لیڈ کررہی تھی لیکن مسلم لیگ(ن) میں خواتین کم تھیں۔اب پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سٹیج پر آدھی خواتین اورآدھے مرد نظر آتے ہیں۔
ناک کی سیدھ میں چلتی ہوں،خلاف بات کرنے والوں کی پراہ نہیں۔پروفیشنل ازم میں ذاتیات کو شامل نہیں کرنا چاہیے۔کوریڈور آف پاور میں جذبات کا عملدر آمد نہیں ہوتا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ وقت آئے تو بروقت اورصحیح فیصلہ کریں،فیصلہ کیا ہونا چاہیے اگر مجھے پتہ نہیں تو مجھے اس عہدے کا کوئی حق نہیں۔خود سیکھ رہی ہوں،روزانہ نیا سیکھنے کو ملتا ہے،گود سے گور تک بندہ سیکھتا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ جرات کے ساتھ عوام کی خدمت کیلئے فیصلہ کرنا چاہیے۔اپنی چھت،اپناگھر کو تیز ترین اورپائیدار لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم ہونے پر مسقط میں یو این ہیبی ٹیٹ سکول آف آنر ایوارڈ ملا۔18ماہ میں دو لاکھ سے زائد ہاؤسنگ لون دئیے،یہ وہ ایک کروڑ نوکریاں اور50لاکھ گھر نہیں جنہوں نے سلیمانی ٹوپی پہن رکھی ہے۔1لاکھ25ہزار گھر مکمل ہوچکے ہیں،اس پراجیکٹ کے پیچھے فیصلے کی بھر پورطاقت ہے۔
اپنی چھت،اپنا گھر کیلئے لڑ جھگڑ کر 9سا ل کی قسط کرائی،فراڈ کا خطرہ ہوتا ہے،اپنی چھت اپنا گھرسکیم میں چیک بھی رکھا کیونکہ ذاتی پیسہ نہیں عوام کا پیسہ ہے۔اپنی چھت اپناگھر سکیم میں ریکوری ریٹ 99.9فیصد ہے کوئی ڈیفالٹ نہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب میں 100سے زیادہ سکیمیں چل رہی ہیں لیکن کسی سکیم میں کوئی نادہندہ نہیں۔لوگ حکومت پر اعتماد کریں یہ نیا سوشل کنٹریکٹ ہے۔
عوام پر اعتماد کیا تو کبھی کسی نے مایوس نہیں کیا۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ پنجاب میں ڈی پی او،ڈی سی او سفارش پر نہیں لگتے۔سفارشی کا کسی جگہ لگنا میرٹ پر آنے والے بچوں سے زیادتی ہے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ آئی جی پنجاب کہتے ہیں کہ میرے وہم و گمان میں نہیں کہ مجھے آئی جی بنایا جائے گا۔سیاسی پریشر ہوتا ہے،لیکن سفارش نہیں سنتی۔
میرٹ پرافسر لگانے کیلئے خود انٹرویو کرتی ہوں۔انٹرویو میں باڈی لینگوئج ٹھیک رکھنا ضروری ہوتا ہے پروفیشنل نہیں نفسیاتی سوال پوچھتی ہوں۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ سفارش پرکوئی بندہ نہیں آنے دیا دو سال بعد الیکشن میں جائیں گے تو نتائج کاہی پتہ چلے گا۔ضرورت مند کو ریاست کا دروازہ نہ کھٹکھٹانا پڑے،ریاست کو خود جا کر دستک دینی چاہیے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ ضرورت مندلوگوں کا قطاروں میں کھڑا ہونا توہین آمیز لگتا ہے۔رمضان میں مخیر حضرات کے تعاون سے لاکھوں افراد کے لئے دسترخوان لگائے۔ضرورت مند تک خود نہ پہنچنا ریاست کی ناکامی ہے۔پنجاب میں ہزار کلینک آن وہیل 32فیلڈ ہسپتال کروڑوں لوگوں کے گھروں تک جارہے ہیں۔چاروں صوبوں میں کئی آفت آجائے تو کلینک آن وہیل بھجوانے کی سفارش کی جاتی ہے۔
لیڈی ہیلتھ انسپکٹر گھر گھر جا کرہر شخص سے متعلق تمام ڈیٹا مرتب کررہی ہیں۔لوگوں کے گھروں میں کارڈیک،ہیپاٹائٹس اورانسولین کے دو ماہ کا سٹاک بھجوارہے ہیں۔ڈیش بورڈ پر روزانہ آٹا،آلو،پیاز کے نرخ کے تمام ڈیٹا خود چیک کرتی ہوں۔اب کوئی پولیس سٹیشن نہیں آسکتا تو ریاست اس کی مدد کیلئے خود پہنچتی ہے۔خواتین کیلئے خاص طورپر موبائل پولیس سٹیشن پراجیکٹ لانچ کیا ہے۔
اوبر،کریم،رکشوں،سکولوں اورکالجوں میں خواتین کی مدد کیلئے پینک بٹن موجود ہے۔سائبر بولنگ(ہراسانی)ہوتو شناخت ظاہر کیے بغیر حکومت مدد کرتے ہیں۔پنجاب میں دستک ایپ کے ذریعے 40لاکھ سے زائد لوگ برتھ سر ٹیفکیٹ وغیرہ حاصل کرچکے ہیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ عام آدمی کی سہولت کیلئے ہسپتال سے میت کی منتقلی کے لئے ایمبولینس سروس شروع کی۔
میت کی منتقلی کیلئے ایمبولینس کی آمد کا آج خود مشاہدہ کیا۔محر م الحرم اورعید میلاد النبی ؐ میں ٹھنڈے پانی کی سبیل،نیاز اورلنگر وغیرہ تقسیم کیا جاتا ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ سیلاب میں 50لاکھ لوگ متاثرہوئے،متاثرین کو مہمانوں کی طرح رکھا۔پورے پنجاب میں سیف سٹی کیمرے فعال ہیں،جرائم کا چند سیکنڈ میں پتہ چل جاتا ہے۔ 700بسیں لوگوں کے گھروں تک پہنچ رہی ہیں،وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ فیول مہنگا ہونے کا کرائے پر کوئی اثر نہیں۔
خواتین،طلبا ء اوربزرگ الیکٹروبس پر مفت سفر کرتے ہیں۔نومبر میں ایک لاکھ بچیوں کو آمدورفت میں آسانی کیلئے الیکٹرک سکوٹیاں دے رہے ہیں۔ اورنج لائن ٹرین پر ہراسانی کی صورت پر 15پر کال کی جائے تو اگلے ہی سٹیشن پر پولیس پہنچ جاتی ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ سی سی ڈی کی وجہ سے پنجاب میں 70فیصد کرائم نیچے آگیا ہے۔خواتین اور بچوں کے ساتھ زیادتی کے ملزم کو پکڑنے کیلئے دو گھنٹے کا ٹائم دیتی ہوں۔
پاکستانی فوج کی جرات اوربہادری کی وجہ سے انڈیا اب منہ چھپاتا پھر رہا ہے۔پورے پنجاب کے طلبہ مفت گرین بس استعمال کررہے ہیں۔ہر ڈسٹرکٹ میں واسا اور پی ایچ اے قائم ہوچکے ہیں۔ماضی میں پہلے ان دنوں سموگ سموگ ہوتی تھی اب ایک دفعہ بھی سموگ نہیں ہوئی۔اینٹوں کے بھٹے اورانڈسٹری کی چمنیوں کی لائیومانیٹرنگ کی جاتی ہے۔فاریسٹ کی پروٹیکشن فورس بھی کام کررہی ہے۔
وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ ہر بیٹی کو سوچنا چاہیے جو کام دوسرے کرسکتے ہیں میں بھی کرسکتی ہوں۔ پروفیشنلی خود کو بہت زیادہ مضبوط بنائیں۔ 13،14کروڑ عوام کی ذمہ داری ہے،ترجیحات کے تعین کی لگژری نہیں،ہرمعاملہ ترجیح ہے۔ہیلتھ کیئر ایمرجنسی یا اورکوئی معاملہ آجائے تو آرام سے نہیں بیٹھتے کام کرتے ہیں۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ اگر کسی مریض کو علاج کیلئے 3گھنٹے کا سفر کر کے دوسرے شہر جانا پڑے تو یہ ناکامی کے مترادف ہے۔اگر عوام خود کومحفوظ نہیں سمجھتے تو سسٹم سے اعتبار اٹھ جائے گا۔ہر پراجیکٹ کا فالو اپ کر کے مکمل کراتی ہوں۔پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے،اس لئے ذمہ داریاں بھی زیادہ ہیں۔

WhatsApp
Get Alert