ہم گورنر راج کو مانتے ہی نہیں، تو گورنری لے کر کیا کرنا ہے؟ ترجمان جے یو آئی ف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم غوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے گورنرشپ کی پیشکش یا مانگنے کا تاثر سراسر بے بنیاد ہے کیونکہ جے یو آئی نے پہلے دن سے حکومتی اتحاد میں شامل ہونے سے صاف انکار کیا ہے، ہم گورنر راج کو مانتے ہی نہیں، تو گورنری لے کر کیا کرنا ہے؟ جس کو آپ نے گورنر لگایا ہے، وہ آپ کو مبارک ہو، وہ اتنا نااہل آدمی ہے کہ وہ ضلع کا میئر نہیں بن سکتا۔
اس حوالے سے ایک بیان میں انہوں نے وفاقی حکومت اور حکومتی وزراء کے رویے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے مختلف وزراء اس معاملے پر تضاد بیانی سے کام لے رہے ہیں، کوئی کہتا ہے ہم گورنر مانگ رہے ہیں تو کوئی اس کی تردید کرتا ہے، اصل مسئلہ یہ ہے کہ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مس کمٹمنٹ کی ہے اور اب حکومتی ترجمان اس کا جواب دینے کے بجائے خواہ مخواہ کی باتیں کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ دو تین ماہ سے پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ امریکہ و ایران کے معاملات، صوبے میں آپریشن اور گورنر راج جیسے سنجیدہ امور پر کھل کر بات کی جا سکے کیونکہ جے یو آئی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے بڑی اسٹیک ہولڈر ہے اور بغیر ہتھیار کے دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان نے ن لیگ کے رہنماؤں کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یاد دلایا کہ جب مسلم لیگ ن کی قیادت مشکل میں تھی اور مریم نواز کا کراچی کے ہوٹل میں دروازہ توڑا گیا تھا تو مولانا فضل الرحمان وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے انہیں بیٹی کا درجہ دے کر چادر پہنائی تھی، لاہور میں گرفتاری کے وقت مولانا عبدالغفور حیدری کو احتجاج کے لیے بھیجا گیا تھا جب ن لیگ کے پاس اپنے کارکن بھی نہیں تھے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کچھ لوگ ن لیگ اور جے یو آئی کے درمیان جان بوجھ کر فاصلے پیدا کرنا چاہ رہے ہیں۔
محمد اسلم غوری نے محسن نقوی کے بیان پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم محسن نقوی کو اس وقت سے جانتے ہیں جب وہ پرویز مشرف کے دور میں ڈیرہ اسماعیل خان میں مولانا کی قید کے دوران سی این این کے نمائندے کی حیثیت سے انٹرویو کرنے آئے تھے، وہ اپنے عہدے پر کام کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں اور اپنے پیشروؤں کا انجام بھی یاد رکھیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر خیبر پختونخواہ میں بدامنی اور دہشت گردی کی بنیاد پر گورنر راج نافذ کیا گیا ہے تو کیا بلوچستان میں حالات اس سے بہتر ہیں جہاں ڈیڑھ ماہ سے مین شاہراہ بند ہے؟ جے یو آئی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اجلاس میں تمام حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے تحمل اور بردباری کے ساتھ متوازن فیصلے کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert