گنڈاپور سمیت کئی پردہ نشین موجود ہیں کہ ہم بالکل آپ کے مطابق چلیں گے، منیب فاروق کا دعویٰ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) معروف تجزیہ کار اور اینکرپرسن منیب فاروق نے خیبر پختونخواہ کی سیاسی صورتحال، گورنر راج اور تحریک انصاف کے اراکینِ اسمبلی کے مبینہ رویے کے حوالے سے نئے دعوے کردیئے۔ اس حوالے سے اپنے ایک وی لاگ میں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں جاری بحران اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد ابھی تو معاملات کا آغاز ہوا ہے اور حقائق تہہ بہ تہہ کھلنا شروع ہوئے ہیں، موجودہ نظام، گورنر اور اس پورے معاملے کو چلانے والے اداروں پر کسی قسم کا کوئی دباؤ نہیں ہے کہ وہ فوری طور پر اس نظام کو سمیٹ کر تحریک انصاف کی حکومت کو دوبارہ بحال کردیں۔
منیب فاروق نے یہ بھی کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت صوبے میں واپس آ بھی گئی تو یہ ان کی بہت بڑی خوش قسمتی ہوگی، لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ کس شکل اور کن شرائط کے تحت واپس آتی ہے، اس وقت خیبر پختونخواہ کے پی ٹی آئی ایم پی ایز کو اس بات سے کوئی سروکار نہیں ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کا اصل بیانیہ کیا ہے یا پارٹی کی سخت گیر پالیسی کیا کہتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں تو ابھی کام شروع ہوا ہے گورنر صاحب پر دور دور تک کوئی دباؤ نہیں ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت واپس کرنی ہے، پی ٹی آئی حکومت کی بڑی خوش قسمتی ہوگی کہ وہ واپس آئے بلکہ اسوقت وہاں کے زیادہ تر ایم پی ایز کو عمران خان کے بیانئیے سے کوئی سروکار نہیں وہ اپنے کیسز اور گرفتاری سے بچنے کیلئے پوری تابعداری کیلئے موجود ہے اور اس میں گنڈاپور سمیت کئی پردہ نشین موجود ہے کہ حکومت واپس لائے آپ نے ایمرجنسی رکھنی ہے رکھے ہم بلکل آپکے مطابق چلے گے۔ منیب فاروق
@muneebfaruqpak— MALIK ZEESHAN JAVAID (@MalikZeeshanJ) October 18, 2026
انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت اراکین کی سب سے بڑی ترجیح خود کو بچانا اور قانون کے شکنجے سے محفوظ رہنا ہے تاکہ ان کے خلاف کوئی نئے مقدمات یا کارروائیاں نہ کی جا سکیں، یہ تمام اراکین اس پوری سیاسی رسہ کشی کے بعد اب حکومتی و ریاستی نظام کے سامنے مکمل فرمانبرداری اور تابداری کرنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں، اس معاملے میں علی امین گنڈا پور سمیت کئی دیگر اہم اور پردہ نشین شخصیات بھی شامل ہیں جو بظاہر ناراض نظر آ سکتے ہیں۔
درحقیقت وہ متعلقہ حلقوں کو یہ یقین دہانی کرا رہے ہیں کہ وہ بہترین طریقے سے کام کرنے کو تیار ہیں، انہوں نے مبینہ طور پر پیشکش کی ہے کہ معاملات کو درست کیا جائے اور حکومت کو بحال کیا جائے، چاہے صوبے میں ایمرجنسی یا اختیارات کا مخصوص نظام اگلے چھ ماہ یا اس سے بھی آگے تک برقرار رکھا جائے، اراکین اس بات کی ضمانتیں دینے کے لیے بھی تیار ہیں کہ اسمبلی کی بحالی کے بعد وہ احکامات کی مکمل تابعداری کریں گے۔
