پولیس کی بڑی کامیابی، ملک بھر میں اے ٹی ایم فراڈ کرنے والے بین الصوبائی گروہ کے 3 ملزمان گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 45 مختلف اے ٹی ایم کارڈز، 5 لاکھ روپے نقدی اور جعلی نمبر پلیٹس لگی گاڑی برآمد


گرفتار ملزمان 12 سال سے وارداتوں میں ملوث اور درجنوں انکوائریوں میں مطلوب تھے، تفتیش کا دائرہ وسیع، پولیس حکام
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا الحق مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر کوئٹہ پولیس نے مالی جرائم کے خلاف مثر کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث ایک خطرناک گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت غلام محمد، ذوالفقار اور عارف علی کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 45 عدد مختلف بینکوں کے اے ٹی ایم کارڈز، 5 لاکھ روپے نقدی، 3 عدد موبائل فونز اور جعلی سرکاری و سندھ ہائی کورٹ کے وکیل کی نمبر پلیٹس لگی ایک ٹویوٹا آلٹو گاڑی برآمد کر لی گئی ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 12 سال سے ملک کے مختلف حصوں میں اے ٹی ایم فراڈ کی وارداتوں میں ملوث چلے آ رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف کوئٹہ کے مختلف تھانوں میں فراڈ کے متعدد مقدمات درج ہیں، جبکہ ان کا تعلق این سی سی آئی اے (NCCIA) کی 30 سے زائد زیرِ تفتیش انکوائریوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید سنسنی خیز انکشافات اور برآمدگیوں کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ کوئٹہ پولیس شہریوں کے مالی تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے قلع قمع کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert