خیبرپختونخوا کے 18 سرکاری سکولوں کے 54 کمرے کسی بھی وقت منہدم ہونے کا خدشہ، محکمہ تعلیم کی ابتدائی رپورٹ

پشاور (قدرت روزنامہ) سکول کی چھت گرنے کے سانحے کے بعد محکمہ تعلیم کی جانب سے سرکاری سکولوں کی عمارتوں کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 18 سرکاری سکولوں کے 54 کمرے انتہائی خستہ حال ہیں اور کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں، جبکہ 6 سکول ایسے بھی ہیں جو سرے سے قابلِ استعمال نہیں ہیں۔

پشاور کی دیر کالونی میں نجی سکول کی چھت گرنے سے 33 طلباء و طالبات سمیت 34 افراد جاں بحق ہوئے تھے، جس کے بعد محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کی عمارتوں کا معائنہ کرنے کے احکامات جاری کیے۔

’’وی نیوز‘‘ کے مطابق محکمہ تعلیم کی ابتدائی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے 18 سرکاری سکولوں میں 54 کمرے انتہائی خستہ حال ہوچکے ہیں اور ان کے کسی بھی وقت منہدم ہونے سے بڑا سانحہ پیش آنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں 6 سکول ایسے بھی ہیں جن کی عمارتیں کسی بھی طور پر قابلِ استعمال نہیں ہیں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق خیبرپختونخوا میں 34 ہزار سے زائد سرکاری سکول ہیں، جہاں 60 لاکھ سے زیادہ بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ تمام سرکاری اور نجی سکولوں کی عمارتوں کے معائنے کا عمل 26 اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد خیبرپختونخوا حکومت متاثرہ سکولوں کی بحالی اور مرمت کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert