راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے سیکیورٹی روٹ پر ڈولفن پولیس اہلکار سے حادثاتی طور پر گولی چل گئی، پولیس اہلکار کا پاؤں زخمی


راولپنڈی (قدرت روزنامہ) راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے باہر سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے سیکیورٹی روٹ پر ڈولفن پولیس اہلکار سے حادثاتی طور پر گولی چلنے سے پولیس اہلکار کا پاؤں زخمی ہوگیا، پولیس حکام کے مطابق اہلکار نے ایس اوپی کے تحت رائفل اٹھا کر میگزین الگ کیا، رائفل چیک کرتے ہوئے اچانک گولی چل گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ڈولفن فورس کا اہلکار حادثاتی طور پر اپنی ہی رائفل کی اچانک گولی چلنے کے باعث زخمی ہوگیا۔
زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق پولیس اہلکار ڈبل روڈ سے فیض آباد تک سیکیورٹی روٹ پر پٹرولنگ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کی رائفل زمین پر گرگئی۔
رائفل گرنے کے باعث لوڈ ہوگئی اور گولی چیمبر تک پہنچ گئی، اہلکار نے ایس اوپی کے مطابق رائفل اٹھا کر اس کا میگزین الگ کیا۔ لیکن رائفل چیک کرتے ہوئے اچانک گولی چل گئی۔ رپورٹ کے مطابق چیمبر خالی کرنے کی جانچ کے لیے رخ زمین کی طرف کر کے ٹریگر دبایا، تو اچانک گولی چل گئی جو اس کے بائیں پاؤں میں لگی۔
زخمی اہلکار کی شناخت نعمان کے نام سے سامنے آئی ہے، جو کہ ڈبل روڈ سے فیض آباد تک سیکیورٹی روٹ پر پٹرولنگ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، واقعے کے فوری بعد زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert