بی آئی ایس پی نے خواتین کیلیے نیا نظام متعارف کرا دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے مستحق خواتین کے لیے سوشل پروٹیکشن والٹ متعارف کرا دیا ہے جو ادائیگیوں کا ایک جدید، شفاف، محفوظ اور آسان ڈیجیٹل نظام ہے۔
اس اقدام کا مقصد مستحق خواتین کو اپنی رقوم پر براہ راست اور محفوظ کنٹرول دینا ہے، اس والٹ کو استعمال کرنے کے لیے رجسٹرڈ خواتین کو بالکل مفت سم فراہم کی جاتی ہے۔
ایڈیشنل سیکریٹری بی آئی ایس پی عصمت نواز کا کہنا ہے کہ اس نئی ڈیجیٹل سہولت سے خواتین کو رقم کے حصول میں زیادہ خودمختاری ملے گی۔
مخصوص موبائل سم کا اجراء
سوشل پروٹیکشن والٹ کے تحت ہر مستحق خاتون کے شناختی کارڈ کے عوض انہپیں مخصوص موبائل سم جاری کی جائے گی اور اسی سم سے ڈیجیٹل والٹ منسلک کیا جائے گا۔
بی آئی ایس پی حکام کے مطابق مذکورہ نئی سہولت کا مقصد مستحق خواتین کو رقم کے حصول میں زیادہ آزادی دینا اور ادائیگی کے عمل میں ممکنہ استحصال کو کم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق ماضی میں مستحق خواتین کے لیے لمیٹڈ مینڈیٹ اکاؤنٹ کا نظام رائج تھا، جس میں ایک مقررہ مخصوص مدت کے اندر رقم نکلوانا ضروری ہوتا تھا۔ بصورت دیگر رقم واپس ہوجاتی تھی۔
نئے سوشل پروٹیکشن والٹ میں مستحق خاتون کو رقم نکلوانے کے لیے کسی مخصوص وقت کی پابندی نہیں ہوگی اور خواتین کو اپنی رقم اپنی ضرورت کے مطابق استعمال کرنے کی آزادی ملے گی۔
اسمارٹ فون کی ضرورت نہیں
حکام نے بتایا کہ والٹ کے لیے جاری کی جانے والی سم کے استعمال کے لیے اسمارٹ فون ضروری نہیں، بلکہ مستحق خواتین عام فیچر فون میں بھی یہ سم استعمال کرسکتی ہیں۔
نئے نظام میں انٹرآپریبلٹی کی سہولت بھی شامل ہے، جس کا مقصد خواتین کو کسی ایک مخصوص بینک یا ایجنٹ تک محدود رہنے سے نجات دلانا ہے۔ اب وہ اپنی رقم مختلف متعلقہ بینکوں کے ایجنٹس سے حاصل کرسکیں گی۔
شفافیت کے حوالے سے بتایا گیا کہ رقم اکاؤنٹ میں منتقل ہونے پر مستحق خاتون کو پیغام موصول ہوگا، جس سے اسے معلوم ہوسکے گا کہ اس کے اکاؤنٹ میں کتنی رقم منتقل کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز 2008 میں ہوا تھا اور وقت کے ساتھ اس کے نظام میں مختلف تبدیلیاں کی گئیں، جبکہ ڈیجیٹل والٹ کا اجرا پروگرام کی حالیہ اہم تبدیلی ہے۔ سوشل پروٹیکشن والٹ خصوصی طور پر بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کے لیے مختص ہوگا۔
