شہید ولید بلوچ کے قتل کو ایک سال گزرنے کے باوجود قاتل آزاد، حکومت اور اداروں کی کارکردگی پر سوالات انصاف کی عدم فراہمی سنگین غفلت کا ثبوت ہے، ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کر کے کٹہرے میں لایا جائے: پنجگور میں پہلی برسی سے مقررین کا خطاب


پنجگور (ڈیلی قدرت کوئٹہ) نیشنل پارٹی پنجگور کے زیر اہتمام پارٹی کے سینئر کارکن شہید ولید صالح بلوچ کی پہلی برسی 19 اکتوبر 2026 کو عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنماں اور کارکنوں نے شہید کی سیاسی و قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کیا جائے۔برسی کی تقریب میں پنجگور کے مختلف علاقوں سے نیشنل پارٹی کے رہنماں، کارکنوں اور سیاسی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ ذاکر گچکی نے حاصل کی۔ اس موقع پر شہید ولید صالح بلوچ کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقریب کی نظامت ضلعی جنرل سیکرٹری واجہ صدیق بلوچ اور تحصیل صدر تاج بلوچ نے مشترکہ طور پر کی۔تقریب سے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی محمد ایوب بلوچ، مرکزی رہنما حاجی صالح محمد بلوچ، ڈسٹرکٹ چیئرمین عبدالمالک صالح بلوچ، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن ایڈووکیٹ امان کریم بلوچ، میونسپل کمیٹی تسپ کے چیئرمین میر عبدالرحمن بلوچ، ضلعی نائب صدر کامریڈ مجیب بلوچ، واجہ صدیق بلوچ، تاج بلوچ اور نوجوان رہنما صدام فیضی بلوچ نے خطاب کیا۔مقررین نے شہید ولید صالح بلوچ کی سیاسی، قومی اور تنظیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مخلص، نظریاتی اور متحرک سیاسی کارکن تھے، جنہوں نے اپنی زندگی نیشنل پارٹی کے نظریات، قومی حقوق اور عوامی خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی ثابت قدمی اور سیاسی جدوجہد پارٹی کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔مقررین نے افسوس کا اظہار کیا کہ قتل کو ایک سال مکمل ہونے کے باوجود ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ ان کے مطابق، ملزمان کی عدم گرفتاری نے شہید کے اہل خانہ، سیاسی ساتھیوں اور انصاف کے منتظر افراد میں تشویش پیدا کر دی ہے۔انہوں نے حکومت اور متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ قتل کی تحقیقات مثر اور تیز کی جائیں، ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور شہید کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے قتل کے مقدمات میں انصاف کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس معاملے کو مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔مقررین نے کہا کہ مخلص سیاسی کارکن کسی بھی جماعت کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور شہید ولید صالح بلوچ کی خدمات، قربانیوں اور جدوجہد کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی یاد منانے کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ انصاف کے حصول کی جدوجہد جاری رکھی جائے اور ان کے نظریات و سیاسی جدوجہد کو نئی نسل تک منتقل کیا جائے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیشنل پارٹی جمہوری اقدار، قومی حقوق اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ تقریب کے شرکا نے بھی شہید کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کے مطالبے کو مسلسل اجاگر کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر شہید ولید صالح بلوچ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی۔

WhatsApp
Get Alert