میں سمجتھا ہوں کہ ہمیں اسمبلیوں سے استعفوں کی طرف آنا چاہیئے، اسد قیصر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے موجودہ پارلیمانی سسٹم کی افادیت اور میڈیا بلیک آؤٹ پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں اور حکومت مخالف تحریک کا اشارہ دے دیا۔
سینئر صحافی حامد میر کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ میں اس وقت اسمبلی کی کارروائی اور موجودہ سیاسی نظام سے سخت مایوس ہوچکا ہوں، میں سمجھتا ہوں کہ پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں رہی، اگر آپ پارلیمنٹ میں عوام کے مؤقف پر بات بھی کریں تو اسے میڈیا پر نشر نہیں کیا جاتا، جب نہ پارلیمنٹ میں بات سنی جا رہی ہو اور نہ ہی عدالتوں سے انصاف مل رہا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ پورا نظام کولیپس کرچکا ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر یہ سمجھتا ہوں کہ اب تحریک انصاف کو اسمبلیوں سے نکل جانا چاہیئے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ پارٹی کی تمام قیادت مل کر اور پارٹی کی اجتماعی مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا جس کی میں مکمل پابندی کروں گا۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کے پاس آج بھی اتنی عوامی طاقت موجود ہے کہ وہ لانگ مارچ کے ذریعے وفاقی حکومت کو گرا سکتی ہے، تاہم ملک میں خونریزی اور بدنظمی کے خدشے کے پیش نظر فی الحال کارکنوں کو سڑکوں پر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہیں تو آج بھی لاکھوں لوگوں کو سڑکوں پر نکال سکتے ہیں، لیکن اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ سڑکوں پر ہمارے لوگوں پر سیدھی گولیاں چلائی جائیں گی اور کئی بے گناہ لاشیں گریں گی، اسی خونریزی سے بچنے اور ملک کو تصادم سے محفوظ رکھنے کے لیے خود تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ فی الحال عوامی احتجاج کو روکا جائے، لیکن مناسب وقت آنے پر حکومت کے خلاف بھرپور اور منظم تحریک کا آغاز ضرور کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert