خواتین کو بااختیار بنانا اور مساوی مواقع کی فراہمی اولین ترجیح ہے، کرن بلوچ

بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کا 13واں بورڈ اجلاس، ادارے کے استحکام اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ


صنفی تشدد کی روک تھام اور مؤثر قانونی تحفظ کے لیے عملی اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا، اجلاس میں عزم کا اعادہ
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) 21اکتوبر 2026: بلوچستان کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (BCSW) کا 13واں بورڈ اجلاس چیئرپرسن محترمہ کرن بلوچ کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں بورڈ کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بورڈ اراکین نے مختصر عرصے میں کمیشن کے قیام، ادارہ جاتی استحکام اور فعالیت کے لیے چیئرپرسن کرن بلوچ کی کاوشوں کو سراہا اور کمیشن کی مزید بہتری اور مؤثر کارکردگی کے لیے اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرپرسن کرن بلوچ نے کہا کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ، انہیں بااختیار بنانا اور معاشرے میں مساوی مواقع کی فراہمی کمیشن کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں خواتین کو درپیش مسائل کے حل، صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام اور خواتین کو قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ کرن بلوچ نے کہا کہ کمیشن کو ایک فعال اور مؤثر ادارے کے طور پر مستحکم بنانے کے لیے تمام بورڈ اراکین کی تجاویز اور تعاون اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، صنفی مساوات کے فروغ اور خواتین کو درپیش قانونی و سماجی مسائل کے حل کے لیے کمیشن اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ اجلاس میں کمیشن کی آئندہ ترجیحات اور منصوبہ بندی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے خواتین کو بااختیار بنانے، خواتین کے خلاف صنفی بنیادوں پر تشدد کی روک تھام، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور متعلقہ قوانین میں مجوزہ ترامیم کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران مستقبل کے اقدامات، کمیشن کی استعدادِ کار میں اضافے اور بلوچستان بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ادارے کے کردار کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ، مساوی مواقع کی فراہمی اور صنفی مساوات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert