سابق کرکٹر کی بیٹی اداکارہ ایمن سلیم کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

کراچی (قدرت روزنامہ)سابق کرکٹر سلیم یوسف کی بیٹی اداکارہ ایمن سلیم نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کا اعلان کر دیا۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اداکارہ ایمن سلیم نے کہا کہ پارٹی کا حصہ بننے جا رہی ہوں اور اس میں شمولیت کا اعلان کرتی ہوں، صدر مملکت آصف علی زرداری، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور فریال تالپور کی قیادت پر اعتماد ہے۔
نثار کھوڑو نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ایمن سلیم کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر کے پی میں گورنر راج کی سمری پر دستخط کیے، ملک میں گورنر راج لگتے رہے ہیں، پہلا گورنر راج سندھ میں 1951 میں لگا، ضیاء الحق نے صرف سندھ میں گورنر راج لگایا تھا۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ آئین کے تحت صوبے کی صورتحال حد سے بگڑنے پر گورنر راج لگ سکتا ہے، کے پی کا مسئلہ آج کا نہیں بلکہ کئی سال پرانا ہے، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی، صوبے کی صورتحال پر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے، گورنر راج مستقل نہیں دہشتگردی کے خلاف ایکشن پلان پر اتفاق سے خاتمہ ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبے بنانے کا طریقہ آئین میں واضح کیا گیا ہے، متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے قرارداد کے بغیر نیا صوبہ نہیں بن سکتا، سندھ اسمبلی نے متفقہ قرارداد میں نئے صوبے اور صوبائی حدود میں تبدیلی مسترد کر دی، نئے صوبے بنانے ہیں تو گلگت اور پنجاب میں بنائے جائیں، سندھ میں انتظامی یونٹس کی بات کرنے والوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ ان کا مطلب کیا ہے؟
رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ سندھ میں ڈویژن کی صورت میں انتظامی یونٹس پہلے سے موجود ہیں، نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کی باتیں بھونچال پیدا کرنے کیلیے کی جا رہی ہیں۔
نثا کھوڑو نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کی باتیں قبل از وقت ہیں، اس کیلیے حکومت کے پاس ایوان میں دو تہائی اکثریت نہیں، اس پر بحث پاکستان کے مستقبل کو کمزور کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی جماعت بہت پرانی ہے انہوں نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، کے پی کی صورتحال پر کردار کیلیے حکومت اور اپوزیشن سمیت سب ان کے پاس گئے، وہ سیاسی صورتحال میں کردار ادا کر سکتے ہیں، انہوں نے کبھی دہشتگردوں کی حمایت نہیں کی۔
