یونین کونسل سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ بننے پر شناختی کارڈ خودکار طور پر منسوخ نہیں ہوتا، نادرا کی وضاحت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے وضاحت کی ہے کہ یونین کونسل کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے کے بعد کسی شہری کا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) خودکار طور پر منسوخ نہیں ہوتا۔
رپورٹس کے مطابق نادرا کے ترجمان سید شہاب علی نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا کہ یونین کونسل سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ متوفی کا شناختی کارڈ فوری طور پر منسوخ کر دیا جاتا ہے، بلکہ متعلقہ ریکارڈ کی بنیاد پر شناختی کارڈ عارضی طور پر غیر فعال کیا جاتا ہے، جبکہ اس کی باقاعدہ منسوخی کے لیے الگ طریقہ کار اختیار کرنا ضروری ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یونین کونسل کی جانب سے کسی شخص کو متوفی قرار دینا اور نادرا کی جانب سے اس کا شناختی کارڈ باضابطہ طور پر منسوخ کرنا دو الگ الگ کارروائیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ نادرا کو صرف یہ اطلاع فراہم کرتا ہے کہ مقامی حکومت نے متعلقہ شخص کی وفات کا اندراج کر دیا ہے۔ اس کے بعد متوفی کے اہل خانہ یا قریبی رشتہ دار نادرا سے رجوع کرکے شناختی کارڈ کی منسوخی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
نادرا کی جانب سے درخواست گزار کی شناخت کی تصدیق کے لیے بائیومیٹرک تصدیق بھی کی جاتی ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ شناختی کارڈ کی منسوخی کی درخواست دینے والا شخص واقعی متوفی کے خاندانی ریکارڈ اور فیملی ٹری کا حصہ ہے۔

WhatsApp
Get Alert