مولانا فضل الرحمان کے اہلخانہ اور قریبی ساتھیوں کیخلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کی شکایت درج
سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے خلاف ایف بی آر میں شکایت جمع کروادی گئی، اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کی جانچ کا مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ اور ان کے قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کے الزامات کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں باضابطہ شکایت جمع کرا دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف بی آر کو موصول ہونے والی اس شکایت میں مولانا فضل الرحمان کے قریبی رشتہ داروں اور معروف سیاسی و تنظیمی شخصیات کے نام شامل ہیں، جن افراد کے خلاف مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور ٹیکس چوری کی شکایات درج کرائی گئی ہیں ان میں سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے نام سرفہرست ہیں، درخواست میں ان تمام پانچ افراد کے نام پر موجود اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور آمدن کے ذرائع کی مکمل اور غیر جانبدارانہ جانچ پڑتال کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی ساتھیوں کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری اور آمدن چھپانے کی شکایت ایف بی آر میں جمع
ایف بی آر کو فضل الرحمان کے اہل خانہ اور قریبی افراد کی مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے درخواست موصول
سینیٹر کامران مرتضیٰ، لطف الرحمان، ضیاء الرحمان، اسعد محمود اور ابرار احمد خان کے خلاف مبینہ ٹیکس چوری کی شکایت جمع کرائی گئی
ایف بی آر کو جمع کرائی گئی شکایت میں پانچ افراد کے اثاثوں، بینک اکاؤنٹس اور ذرائع آمدن کی جانچ کا مطالبہ
شکایت گزار کا سینیٹر کامران مرتضیٰ کے متعدد ملکی اور غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس کی مالی سرگرمیوں کی تحقیقات کا مطالبہ
لطف الرحمان کے مختلف بینکوں میں موجود اکاؤنٹس اور کاروباری سرگرمیوں کی ٹیکس قوانین کے تحت جانچ کی درخواست
ضیاء الرحمان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں مبینہ غیر واضح رقوم کی موجودگی کا دعویٰ، تحقیقات کا مطالبہ
اسعد محمود کے مختلف بینک اکاؤنٹس کی جانچ کرکے ممکنہ ٹیکس چوری کی حقیقت معلوم کرنے کی درخواست
ابرار احمد خان کے بینک اکاؤنٹس، ٹریول اینڈ ٹورز کاروبار اور متعلقہ مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ
شکایت میں مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں سے منسلک مالی لین دین کی بھی چھان بین کرنے کی درخواست
ایف بی آر سے متعلقہ افراد کے اثاثوں، ٹیکس گوشواروں اور بینک ٹرانزیکشنز کا تقابلی جائزہ لینے کا مطالبہ
شکایت گزار کی مبینہ غیر ظاہر شدہ آمدن اور مشتبہ مالی لین دین کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے قانونی کارروائی کی درخواست
فضل الرحمان کے اہل خانہ اور دیگر نامزد افراد کے خلاف مالی الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ ایف بی آر تک پہنچ گیا
— 92 News HD Plus (@92newschannel) November 5, 2026
بتایا جارہا ہے کہ درخواست کے متن میں سینیٹر کامران مرتضیٰ کے متعدد ملکی اور غیر ملکی کرنسی میں موجود بینک اکاؤنٹس کی مشکوک مالی سرگرمیوں کی باقاعدہ تحقیقات کرنے کا تقاضا کیا گیا ہے، اسی طرح لطف الرحمان کے مختلف تجارتی بینکوں میں موجود اکاؤنٹس اور ان کی کاروباری سرگرمیوں کی مروجہ ٹیکس قوانین کے تحت سخت جانچ کی درخواست کی گئی ہے۔
جے یو آئی ف کے رہنماء ضیاء الرحمان کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان کے مختلف بینک اکاؤنٹس میں مبینہ طور پر غیر واضح اور مشتبہ رقوم موجود ہیں، جن کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، مزید برآں سابق وفاقی وزیر اسعد محمود کے مختلف بینک اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کرکے ممکنہ ٹیکس چوری کی اصل حقیقت سامنے لانے کی استدعا کی گئی ہے، جب کہ ابرار احمد خان کے بینک اکاؤنٹس، ٹریول اینڈ ٹورز کے کاروبار اور ان سے جڑے تمام تر مالی معاملات کی چھان بین کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
شکایت گزار نے ایف بی آر حکام پر زور دیا ہے کہ صرف ذاتی اکاؤنٹس تک محدود نہ رہا جائے بلکہ مختلف فلاحی، تعلیمی اور کاروباری اداروں کے ساتھ منسلک تمام مالی لین دین اور فنڈز کی بھی گہرائی سے چھان بین کی جائے، متعلقہ افراد کے ظاہر کردہ اثاثوں، جمع کرائے گئے ٹیکس گوشواروں اور بینک ٹرانزیکشنز کا آپس میں تقابلی جائزہ لیا جائے، مبینہ غیر ظاہر شدہ آمدن اور مشتبہ مالی لین دین کے تمام پہلوؤں کو سامنے لانے کے لیے فوری طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کا آغاز کیا جائے اور قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
