وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیر چوک انڈر پاس کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ملک کو اقوام عالمی عظیم مقام دلائیں۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ منصوبہ ایک ارب 45 کروڑ روپے کی لاگت سے صرف 27 روز کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا ہے۔ اور منصوبے کے ارد گرد ہزاروں نئے پودے بھی لگائے گئے ہیں، جبکہ کشمیر کی مناسبت سے دو خوبصورت مونومنٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد 6 اکتوبر 2026 کو رکھا تھا۔ منصوبے پر ایک ارب 40 کروڑ روپے لاگت آئی جبکہ ابتدائی تخمینہ ایک ارب 60 کروڑ روپے تھا۔
منصوبے کے افتتاح کے بعد وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ منصوبے کے اطراف کشمیر کی مناسبت سے دوخوبصورت مونومنٹس بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ جبکہ انڈر پاس سے اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور آزادکشمیر کے درمیان ٹریفک کی روانی میں آسانی ہوگی۔ کشمیر چوک منصوبے کے تحت 6 ہزار 340 نئے درخت بھی لگائے گئے۔
وزیراعظم نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر وزیر داخلہ محسن نقوی، سی ڈی اے اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنا قابل تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سال اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس منعقد ہوگی، جس کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کو خوبصورت بنانے اور بنیادی سہولیات بہتر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کی تکمیل ایس سی او کانفرنس اور دیگر اہم تقریبات کی تیاریوں کا ثبوت ہے، شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا خوبصورت شہر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے ساتھ شہر کے ماحول کو بھی سرسبز و شاداب بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبے اپنے بجٹ سے ڈھائی فیصد کم لاگت میں مکمل ہوا۔ میں اس شفافیت پر ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کو یہ توفیق اور ہمت عطا فرمائے کہ ہم سب مل کر بطور ایک ٹیم پاکستان کی شبانہ روز خدمت کریں اور اس ملک کو اقوام عالم میں ایک عظیم مقام دلائیں۔ یہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ اگر اسی رفتار سے تمام معاملات آگے بڑھیں گے تو پاکستان کی رفتار کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔
ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک بنانے جارہے ہیں، محسن نقوی
افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک بنانے جا رہے ہیں، جس کے لیے بین الاقوامی کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے معاملے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، اور ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کی بحالی کا کام کل سے شروع کردیا جائے گا۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ کی منظوری دے دی ہے، اور اربوں روپے مالیت کی جائیداد سی ڈی اے کو واپس ملی ہے۔
منصوبے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس کا منصوبہ معیاری تعمیراتی کام کے ساتھ صرف 27 روز میں مکمل کیا گیا، اور منصوبے کے تحت 6 ہزار 340 نئے درخت لگائے گئے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں تیزی کے ساتھ تعمیراتی معیار برقرار رکھنا اولین ترجیح تھی، جبکہ تعمیراتی کام کے دوران پرانے درختوں کو بھی محفوظ بنایا گیا اور انہیں دوسری جگہ منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں سہولت ملے گی جبکہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت اور سرسبز بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔
