پاکستان میں ٹیکسز میں اضافے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے: آئی ایم ایف

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان میں ٹیکسز میں اضافے کے سلسلے کو جاری رکھنے کی تجویز دے دی۔

کنٹری ڈائریکٹر آئی ایم ایف ماہر بنیجی نے ایس ڈی پی آئی کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں معاشی لحاظ سے تاریخی موڑ ہے جہاں معاشی اصلاحات پر عملدرآمد جاری ہے، پاکستان نے معاشی بحران سے معاشی استحکام تک کا سفر طے کیا ہے، معاشی ترقی کی شرح میں تسلسل کی ضرورت قائم رہنی چاہیے۔

ماہر بنیجی نے کہا کہ پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ کے بحران کے بعد بھی معاشی ترقی کا سفر جاری رکھا، پاکستان میں ٹیکسز میں اضافے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح بڑھے۔

اس سے قبل، ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر ایما زاوکوان فین نے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نجی شعبے کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں، نجی شعبے ترقی کریں گے تو ایکسپورٹ کے قابل بھی ہو جائے گا۔

ڈاکٹر ایما زاوکوان فین نے کہا کہ پاکستان میں ایکسپورٹ بڑھانے کیلیے صنعتی لاگت کم کرنے کی ضرورت ہے، لیبر کی تربیت میں خواتین کو خاص مواقع دیے جائیں، 50 فیصد سے زائد خواتین کی آبادی معاشی ترقی میں کردار ادا نہیں کر پا رہی، پرائیویٹ سیکٹر اور خاص طور پر خواتین کو کاروبار کیلیے قرضے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert