قلعہ عبداللہ دھرنا ‘ آل پارٹیز کا صوبہ گیر تحریک کا اعلان: 7 کو مظاہرے، 8 کو علامتی جبکہ 9 تاریخ کو مکمل شٹر ڈاؤن اور سڑکیں بلاک کی جائیں گی
سیاسی جماعتوں کے اصرار پر پولیو مہم بحال کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے: تنگ مسے زئی شہداء دھرنے کے اسٹیج سے ملک کلیم اللہ کاکڑ کا اہم اعلان

میزئی اڈہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) آل پارٹیز کی جانب سے مختلف عوامی و علاقائی مطالبات کے حق میں صوبے کے تمام اضلاع میں مرحلہ وار مشترکہ احتجاجی شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ طے شدہ لائحہ عمل کے تحت 7 تاریخ کو بلوچستان بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے، 8 تاریخ کو علامتی ہڑتال ہو گی، جبکہ 9 تاریخ کو صوبہ بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور اہم قومی شاہراہیں و رابطہ سڑکیں بلاک کی جائیں گی۔
دوسری جانب میزئی اڈہ میں جاری تنگ مسے زئی شہداء دھرنے کے اسٹیج سے ملک کلیم اللہ کاکڑ نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی اپیل اور مشاورت کی روشنی میں علاقے میں معطل پولیو مہم کو کل سے بحال کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس حساس معاملے پر سیاسی جماعتوں کے مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے انسدادِ پولیو مہم کی بحالی پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ اس اعلان کے بعد علاقے میں تعطل کا شکار انسدادِ پولیو مہم کے دوبارہ شروع ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ سانحہ تنگ مسے زئی کے خلاف دھرنا کمیٹی نے احتجاجاً پولیو مہم کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا تھا جس کے باعث انسدادِ پولیو ٹیموں کی سرگرمیاں معطل ہو گئی تھیں۔ سیاسی حلقوں کی جانب سے آل پارٹیز کے مشترکہ احتجاجی شیڈول اور دھرنا کمیٹی کی جانب سے پولیو مہم کی بحالی کے عندیے کو خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
