گورنر راج اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا، رانا ثنا اللہ
پی ٹی آئی سے اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، بیک ڈور رابطے ہوتے رہتے ہیں لیکن باضابطہ طور پر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیرِ اعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے اس وقت کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے، بیک ڈور رابطے ہوتے رہتے ہیں لیکن باضابطہ طور پر کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ گورنر راج اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا، بھارت اور افغانستان کی مدد سے دہشت گردی کا ناسور اس وقت وہاں پھیل رہا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دہشت گردی کو روکنا اہمیت کا حامل ہے، سب کو آن بورڈ لیا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں۔انہوں نے کہا کہ لڑائی کوئی نہیں بڑھانا چاہتا، لڑائی ہے بھی نہیں، اختلافِ رائے ہے، مولانا فضل الرحمن کو اگر گورنر راج پر اختلاف ہے تو وہ اختلافِ رائے رکھ سکتے ہیں، اختلافِ رائے جمہوری رویوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیں جے یو آئی ف کی رائے سے اختلاف کا حق ہے اور انہیں بھی یہ حق حاصل ہے، جب آپ کے پاس ثبوت نہ ہوں تو ایسے الزامات نہیں لگانے چاہئیں، چوہدری سالک نے خود کہا کہ ان کے پاس ثبوت نہیں۔
