گرین الیکٹرو بس میں خاتون مسافر کے ساتھ بدتمیزی , ملازم کو ملازمت سے فارغ کر دیاگیا

لاہور(قدرت روزنامہ)گرین الیکٹرو بس میں خاتون مسافر کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد کے واقعے پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے فوری سخت ایکشن لیتے ہوئے مبینہ طور پر تشدد میں ملوث ملازم علی رضوان کو ملازمت سے فارغ کر دیا، جبکہ متعلقہ افسران سے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔ واقعے پر وزیر ٹرانسپورٹ نے سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کسی بھی مسافر کے ساتھ بدتمیزی، بدسلوکی یا تشدد ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ خواتین کا تحفظ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، خواتین کے ساتھ کسی بھی قسم کی زیادتی وزیراعلیٰ پنجاب کی ریڈ لائن ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ گرین الیکٹرو بس میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، پبلک ٹرانسپورٹ عوام کو محفوظ اور باعزت سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے ہے، نہ کہ مسافروں کو ہراساں یا ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے لیے۔ کسی بھی ملازم کو یہ اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مسافروں کی تذلیل کرے۔
بلال اکبر خان نے مزید کہا کہ جو ملازم اپنے فرائض اور معاملات کو درست طریقے سے نہیں چلائے گا، اس کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں
