ربیعہ احسن کیس میں گرفتار شوہر نے سیلون کے معاملے پر تنازعہ کا اعتراف کرلیا، مزید 4 روزہ ریمانڈ منظور
دونوں بینک ملازمت کے دوران ملے جس کے بعد پسند کی شادی ہوئی، کورونا وبا کے دوران ربیعہ نے اپنا بیوٹی سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا جس کے کاروباری معاملات میں اہلیہ کا ساتھ دیا؛ ملزم کا بیان

راولپنڈی(قدرت روزنامہ)اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں ملزم احسن کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسے دوبارہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، پولیس کی استدعا پر مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا، دورانِ تفتیش گرفتار ملزم احسن طاہر نے بیوٹی سیلون کے معاملے پر تنازعہ کا اعتراف کرتے ہوئے ازدواجی زندگی سے متعلق تفصیلی بیان ریکارڈ کرا دیا۔
اطلاعات کے مطابق مقتولہ ربیعہ احسن کے قتل کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم احسن کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسے آج راولپنڈی کی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا، پولیس نے تفتیش کو مزید آگے بڑھانے اور اہم شواہد اکٹھے کرنے کے لیے عدالت سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
میڈیا رپورٹس میں پولیس ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دورانِ تفتیش گرفتار ملزم احسن نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ان تمام دعوؤں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں یہ تاثر دیا جا رہا تھا کہ میاں بیوی کے درمیان طویل عرصے سے تعلقات کشیدہ تھے، پولیس نے اس کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے علاوہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والی قیاس آرائیوں کی بھی باقاعدہ تحقیقات کی ہیں، تکنیکی تجزیے کے لیے دونوں میاں بیوی کے موبائل فونز کا ڈیٹا بھی کھنگالا گیا ہے۔
تفتیشی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اگرچہ کوئی بڑا تنازعہ شاید نہیں تھا تاہم مقتولہ ربیعہ اور ملزم احسن کے درمیان بیوٹی سیلون کے ایک معاملے پر جھگڑا ضرور ہوا تھا، جس کے حوالے سے ملزم نے اپنا مؤقف ریکارڈ کرایا ہے، ملزم احسن نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس نے اور ربیعہ نے 2010ء میں پسند کی شادی کی، ابتدائی دنوں میں دونوں ایک نجی بینک میں اکٹھے ملازمت کرتے تھے، بینک کی نوکری کے بعد اس نے ایک موبائل نیٹ ورک کمپنی میں کام شروع کیا جبکہ ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں ملازمت مل گئی تھی، کورونا وبا کے دوران ربیعہ نے اپنا بیوٹی سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا جس کے کاروباری معاملات میں اس نے بھی ساتھ دیا تھا۔
سیلون کے تنازعہ کی وضاحت کرتے ہوئے ملزم احسن نے دعویٰ کیا کہ سیلون کی دو ملازم خواتین کے آپسی تنازعہ کی وجہ سے ان کے درمیان وقتی ناراضگی پیدا ہوئی تھی کیون کہ ایک ملازمہ نے دوسری ملازمہ کو نوکری سے نکلوانے کی غرض سے اس پر تعلقات کا جھوٹا الزام عائد کیا تھا، میں نے ربیعہ کے سامنے اس الزام کی مکمل تردید کی تھی اور اہلیہ کو یقین دلانے کے بعد ان کے درمیان پیدا ہونے والی ناراضگی ختم ہو گئی تھی۔
ملزم نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ان کی 16 سالہ ازدواجی زندگی میں اس ایک واقعے کے علاوہ کوئی بڑا تنازعہ نہیں رہا اور وہ روزانہ شام کو ربیعہ کے ساتھ جم میں بیڈمنٹن کھیلنے جایا کرتا تھا، ملزم نے مقتولہ ربیعہ کو ایک انتہائی محنتی اور اپنی محنت سے معاشرے میں مقام بنانے والی پیشہ ور خاتون قرار دیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے بیانات، موبائل فونز کے ڈیٹا اور فرانزک شواہد کی روشنی میں کیس کے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں تاکہ قتل کی اصل حقیقت تک پہنچ کر مقدمے کی تفتیش کو جلد حتمی شکل دی جائے۔
