پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو نیا کوچ مل گیا، سابق آسٹریلوی کرکٹر کی تقرری

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سابق آسٹریلوی کرکٹر شین ڈائٹز کو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
میڈیا تفصیلات کے مطابق شین ڈائٹز ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے اور ویسٹ انڈیز میں قومی ویمنز اسکواڈ کو جوائن کریں گے۔
شین ڈائٹز اس سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی کوچنگ میں ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم دو مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک پہنچی تھی۔
51 سالہ سابق آسٹریلوی کرکٹر کو بین الاقوامی کوچنگ کا بھی تجربہ حاصل ہے۔ وہ بنگلہ دیش اور نیدرلینڈز کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔
پاکستان ویمنز ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر ہونے پر شین ڈائٹز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسی شاندار کرکٹ تاریخ رکھنے والی ٹیم کی ذمہ داری سنبھالنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی خواتین ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پُرجوش ہیں اور ان کا ہدف 2028 میں ہونے والے ہوم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی شائقین کو خوشیاں دینا ہے۔ شین ڈائٹز نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی دکھانے کے لیے ابھی سے سخت محنت اور تیاری کرنا ہوگی۔

WhatsApp
Get Alert