وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی ملاقات، ترقیاتی پروجیکٹس پر گفتگو

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی جس میں ترقیاتی پروجیکٹس، عوامی فلاحی منصوبوں اور اسمبلی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اسمبلی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی تاریخ ساز کامیابی پر وزیراعلیٰ کو مبارکباد پیش کی۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے طلبہ کے لیے ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ اسکیم پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے قصور میں جاری بیوٹیفکیشن پلان اور دیگر ترقیاتی پروجیکٹس کو بھی سراہا۔

اس موقعے پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہر اور ہر گاؤں کی یکساں ترقی ہمارا عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 45 ہزار کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے پروجیکٹ کی تکمیل ایک ریکارڈ بن چکا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اضلاع میں کیتھ لیب، کینسر سینٹر، پیڈز ہسپتال اور دیگر طبی سہولتیں لائی جا رہی ہیں۔

اسپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقیاتی پروجیکٹس پنجاب کی تاریخ کا سنہرا باب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ترقی کے سفر میں ہر طبقے کو شراکت دار بنایا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بچوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے نئے ایکٹ کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیا۔

WhatsApp
Get Alert