وفاقی ملازمتوں میں پشتون اضلاع کو نظرانداز کرنا بدنیتی ہے، 19 نومبر کو شٹر ڈاؤن اور 22 کو چمن میں تاریخی جلسہ ہوگا: اصغر خان اچکزئی،
چمن، طورخم اور تفتان بارڈرز کی بندش سے ہزاروں خاندان معاشی تباہی کا شکار ہیں، سینیٹر ایمل ولی خان چمن جلسہ عام سے خطاب کریں گے: قلعہ عبداللہ اجلاس

قلعہ عبداللہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، صوبائی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، ضلعی صدر ملک حنیف خان اچکزئی، صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا اور ضلعی جنرل سیکرٹری جمال کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتون وطن کو آج جس قدر امن، سیاسی استحکام اور پرامن جمہوری مزاحمت کی ضرورت ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی، جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں پشتون اضلاع کو نظرانداز کرنا بدنیتی پر مبنی اقدام اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی کھلی حق تلفی ہے۔ باچاخان مرکز کاکاجی برمہ میں ضلع قلعہ عبداللہ کے ضلعی و تحصیل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ 19 نومبر کو صوبہ بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں جبکہ 22 نومبر کو چمن ہائی اسکول فٹبال گراؤنڈ میں شہدائے وطن خان جیلانی خان اچکزئی اور اسد خان اچکزئی کی برسی کے جلسہ عام کے ذریعے بدامنی، دہشت گردی، بے روزگاری اور وسائل کی لوٹ مار کے خلاف بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔
اجلاس میں تحصیل گلستان، تحصیل قلعہ عبداللہ اور تحصیل دوبندی توبہ کے ذمہ داران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ چمن، طورخم اور تفتان سمیت اہم تجارتی راستوں کی بندش نے مقامی آبادی اور تاجر طبقے کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے، جس کے خلاف جمہوری قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 22 نومبر کے جلسہ عام میں مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان کی شرکت قومی سیاست میں دوررس اثرات کی حامل ہوگی۔ اجلاس میں جلسہ عام کی کامیابی کے لیے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دیتے ہوئے قلعہ عبداللہ سے قافلوں کی روانگی کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
