بلوچستان عوامی پارٹی کا خاتون رکن اسمبلی فرح اعظیم شاہ کے حوالے سے سردار عبدالرحمن کھیتران کے بیان کی شدید مذمت

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان عوامی پارٹی نے سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی جانب سے بی اے پی خواتین ونگ کی صدر اور خاتون رکن اسمبلی فرح اعظیم شاہ کے حوالے سے دیے گئے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بلوچستان کی روایات اور اسلامی تعلیمات کے منافی قرار دیا ہے۔
بلوچستان عوامی پارٹی کی جانب سے جاری ردعمل میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان ایک روایتی اور قبائلی اقدار کا حامل صوبہ ہے، جہاں خواتین کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ بلوچستان کی روایات میں خواتین کے احترام کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، یہاں خاتون کی آمد پر قتل جیسے سنگین معاملے میں بھی معافی کی روایت موجود ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے حوالے سے منفی اور غیر مناسب گفتگو سے گریز کرنا چاہیے، خصوصاً عوامی نمائندوں کو اپنے الفاظ اور بیانات میں احتیاط کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، تاہم خواتین کے احترام اور معاشرتی روایات کا خیال رکھنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔
بی اے پی نے کہا کہ سیاسی معاملات اور اختلافات کو مہذب انداز میں بیان کیا جانا چاہیے اور ایسے بیانات سے اجتناب کیا جائے جو بلوچستان کی روایات اور اسلامی اقدار سے مطابقت نہ رکھتے ہوں۔
