کینیڈا نے غیر ملکی طلباء کے لیے اسٹڈی ویزا قوانین مزید سخت کر دیئے
تعلیمی اداروں میں داخلوں کا توازن برقرار رکھنے، رہائش کے بحران پر قابو پانے کے لیےاہم فیصلے کئے گئے، وزارتِ امیگریشن

اوٹاوا(قدرت روزنامہ)کینیڈا کی حکومت نے ملک میں بڑھتے ہوئے رہائشی بحران، بنیادی سہولیات پر دبا کم کرنے کے لیے بیرونِ ملک سے آنے والے طلبہ کے اسٹڈی ویزا قوانین میں بڑی سختی کرتے ہوئے بینک بیلنس کی مالی شرط کو دگنا کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اوٹاوا سے جاری کردہ سرکاری بیان میں کینیڈین وزیرِ امیگریشن نے کہا کہ اب کینیڈا آنے والے ہر غیر ملکی طالب علم کو ٹیوشن فیس کے علاوہ سالانہ رہائشی اخراجات کے طور پر دوگنی رقم اپنے کھاتے میں ظاہر کرنا ہوگی۔
حکام کا کہنا تھا کہ ماضی میں کم مالی وسائل کے ساتھ آنے والے طلبہ کو شدید معاشی مشکلات، رہائش کی قلت کا سامنا کرنا پڑتا تھا جس کے باعث یہ اصلاحات ناگزیر ہو گئی تھیں۔ تعلیمی مشیروں کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ترقی پذیر ممالک کے طلبہ کے لیے کینیڈا میں اعلی تعلیم کا حصول مزید مشکل ہو جائے گا۔
