’اگر جاوید اختر کے بیان کا علم ہوتا تو کبھی دعوت نہ دیتا‘، علی ظفر نے برسوں بعد خاموشی توڑ دی

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستانی گلوکار و اداکار علی ظفر نے بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر کو اپنے گھر دعوت پر مدعو کرنے کے معاملے پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں جاوید اختر کے متنازع بیانات کا علم اس وقت نہیں تھا اور وہ اس بارے میں اگلے روز آگاہ ہوئے۔
علی ظفر کا کہنا ہے کہ اگر انہیں جاوید اختر کے پاکستان سے متعلق متنازع بیان کا پہلے علم ہوتا تو وہ یقیناً انہیں دی گئی دعوت منسوخ کر دیتے۔
اس معاملے پر بات کرتے ہوئے علی ظفر نے تسلیم کیا کہ پاکستانی عوام کی تنقید اپنی جگہ درست تھی کیونکہ جاوید اختر کے بیانات سے لوگوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ جاوید اختر کا احترام کرتے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے تاہم انہیں اس بات کا ہمیشہ شکوہ رہے گا کہ ان جیسی قدآور ادبی شخصیت نے ایک پورے ملک کے بارے میں اتنا وسیع اور حقائق کے منافی بیان دیا۔
واضح رہے کہ فروری 2023 میں فیض فیسٹیول کے دوران جاوید اختر نے پاکستان سے متعلق متنازع گفتگو کی تھی۔ اسی روز علی ظفر کی جانب سے انہیں اپنے گھر دعوت پر مدعو کیے جانے پر پاکستانی عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
