بلاول بھٹو آئین کا کریڈٹ اپنی پارٹی کو دیتے ہیں، لیکن ووٹ سے ڈرتے کیوں ہیں؟، طلال چودھری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیرمملکت برائےداخلہ طلال چودھری نے پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 17 سالہ گورننس نے سندھ کے عوام کا خون نچوڑا، انتظامی یونٹس کی بات گورننس میں بہتری کیلئے کی جارہی ہے۔
وزیرمملکت برائےداخلہ طلال چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ملک بھر میں نئے انتظامی یونٹس کی بات ہو رہی ہے، انتظامی یونٹس کا مقصد وہاں اقدامات کرنا ہےجہاں گورننس بہتر نہیں،کسی کی خواہش پر کسی صوبے کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نےکہا کہ پاکستان میں 70 فیصد حکمرانی پیپلز پارٹی کے پاس ہے،تین صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اورچیئرمین سینیٹ کا تعلق بھی پیپلز پارٹی سے ہے، انتظامی یونٹس کے معاملے پر بھی سیاست کی جا رہی ہے۔
وزیرمملکت داخلہ نے بلاول بھٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ بلاول بھٹو آئین کا کریڈٹ اپنی پارٹی کو دیتے ہیں، لیکن ووٹ سے ڈرتے کیوں ہیں؟ انکی باتیں ایسی ہیں جیسے وہ اپوزیشن لیڈر ہوں۔انہوں نے مزیدکہاکہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن کےدرمیان حکومت سے متعلق طویل مدتی معاہدہ ہے، پیپلز پارٹی کسی بھی صورت حکومت سے الگ نہیں ہو سکتی۔
طلال چودھری نے بانی پی ٹی آئی کے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس کیس میں سزا بھگت رہے ہیں، عدالتوں میں ان کے وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں کیونکہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ دلائل سے کرپشن کیس نہیں جیت سکتے۔
