ایک سال بعد کہنا کہ آئینی ترمیم کے لیے ووٹ دباؤ میں دیا، بہت بڑی نااہلی ہے، رانا ثناء اللہ
پیپلزپارٹی 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم میں پوری طرح شریک تھی، اب اپنے ہی ووٹ کو دباؤ کا نتیجہ قرار دینا ان کے اپنے مئوقف پر سوالات اٹھاتا ہے۔ وفاقی مشیر سیاسی امور کا بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ ایک سال بعد کہنا کہ آئینی ترمیم کے لیے ووٹ دباؤ میں دیا، بہت بڑی نااہلی ہے، پیپلزپارٹی 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم میں پوری طرح شریک تھی، اب اپنے ہی ووٹ کو دباؤ کا نتیجہ قرار دینا ان کے اپنے مئوقف پر سوالات اٹھاتا ہے۔ جیونیوز کے پروگرام ’’کیپیٹل ٹاک‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو شاید یہ سمجھتے ہیں کہ ان کا جو موقف ہے کہ سندھ کو تقسیم نہیں کرنا، انہوں نے آج اس پر زور دیا ہے اور اس پر کھل کر بات کی ہے، لیکن جب تک یہ بحث پارلیمنٹ میں نہیں آجاتی، یہ باتیں قبل از وقت تھیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بات کرنے سے عوام میں جاری بحث کو روکا نہیں جا سکتا، لوگ بالکل اس پر بحث کر سکتے ہیں، میڈیا اس پر اپنی رائے کا اظہار کر سکتا ہے، جب یہ معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو یقیناً اس پر سیر حاصل بحث ہوگی اور تمام سیاسی جماعتیں جن کی وہاں نمائندگی ہے، وہ اپنا اپنا نقطہ نظر پیش کریں گی، اس کے نتیجے میں ایک اتفاق رائے بنے گی اور اسی اتفاق رائے کی بنیاد پر صوبے بنانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ کوشش ہوئی بھی ہے کہ تمام پارٹیز کے درمیان ایک اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے باضابطہ طور پر جو کوششیں ہیں یا جو طریقہ کار ہیں، ان پر بات ہو، لیکن میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ یہ بحث ابھی تک پارلیمنٹ میں داخل نہیں ہوئی۔ پارلیمنٹ ہی وہ جگہ ہے جہاں یہ فیصلہ ہونا ہے کہ صوبے بننے ہیں یا نہیں بننے اور پارلیمنٹ ہی وہ جگہ ہے جہاں یہ بھی فیصلہ ہونا ہے کہ ریفرنڈم ہوگا یا نہیں، یہ بات ابھی تک کابینہ میں بھی نہیں ہوئی۔
‘‘
وفاقی وزیر نے ریفرنڈم کے امکان سے متعلق کہا کہ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے لی جا سکتی ہے، اس مرحلے پر جب ہر جگہ یہ بحث جاری ہے اور پارلیمنٹ میں بھی یہ بحث ہوگی، تو ایسی صورتحال میں اگر عوام کی رائے لے لی جائے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے، عوام کی رائے سے سب کو رہنمائی مل سکتی ہے، لیکن ریفرنڈم کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ نے کرنا ہے اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے کرنا ہے۔
پیپلز پارٹی کے آئینی ترامیم میں کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کے ہر عمل میں پوری طرح شامل ہے، 26ویں اور 27ویں ترمیم میں بھی پوری طرح شامل تھی اور انہوں نے ایک ایک ووٹ پورا کر کے دیا ہے، جس کو وہ اب بروٹ فورس کہہ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور بلاول بھٹو صاحب نے خود اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے، کیا ان کی اس بات کا یہ مطلب لیا جائے کہ انہوں نے یہ ووٹ کسی کے زیر اثر آ کر دیا تھا؟
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کا لیڈر ایک سال بعد آ کر یہ مقدمہ کرے کہ میں نے آئین میں ترمیم کے لیے اپنا ووٹ دباؤ میں آ کر کاسٹ کیا تھا تو یہ تو ایک بہت بڑی نااہلی ہے۔
آج انہوں نے جو باتیں کی ہیں، شاید انہوں نے اپنی طرف سے کسی اور کے خلاف کی ہیں، لیکن حقیقت میں وہ باتیں ان کی اپنی ذات کے خلاف ہیں۔
