ریاست اور نوجوانوں کے درمیان خلیج کم کرکے انہیں بااختیار بنانا چاہتے ہیں، سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول، مکمل تحفظ اور غیر ضروری دفتری رکاوٹوں سے پاک نظام فراہم کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے حکومت، نجی شعبے اور تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر اشتراک ناگزیر ہے۔ ریاست اور نوجوانوں کے درمیان موجود خلیج کو کم کرنا، نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جامعات کو روایتی تعلیم کے ساتھ تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ، جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی کورسز پر خصوصی توجہ دینا ہوگی تاکہ فارغ التحصیل نوجوان عملی زندگی میں معاشی طور پر خودمختار ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے زیر اہتمام صوبے کی پہلی انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ایکسپو (BITE 2026) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بلوچستان میں 21 سال بعد حکومتی سطح پر منعقد ہونے والی اس ایکسپو کا افتتاح وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی ، سینٹر سلیم مانڈی والا ن کیا۔ افتتاحی تقریب میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، ایف پی سی سی آئی کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر، میاں زاہد حسین، سابق وفاقی وزیر سلیم مانڈوی والا، پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر سردار عمر گورگیج، کوئٹہ چیمبر آف کامرس کے صدر احمد گل کاکڑ، حاجی فاروق خلجی، حاجی یوسف بازئی، چیمبر آف سمال انڈسٹریز کے حاجی ولی محمد، کمشنر پشین ڈویژن قائم لاشاری، ایم ڈی بی ٹیوٹا عبدالکبیر زرکون سمیت کاروباری شخصیات، سرمایہ کاروں اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی ایکسپو میں بلوچستان سمیت ملک بھر سے تعلق رکھنے والی 100 سے زائد کمپنیوں، صوبائی محکموں اور وفاقی ریگولیٹری اداروں نے اپنے اسٹالز قائم کیے ہیں، جہاں مختلف کاروباری شعبوں، مصنوعات، صنعتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔

شہریوں اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے بھی ایکسپو کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز میں دلچسپی کا اظہار کیا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس ایکسپو کا بنیادی مقصد بلوچستان کی کاروباری برادری کو قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ براہ راست روابط، کاروباری اشتراک اور حکومت کے ساتھ مؤثر رابطے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس اہم ایونٹ کے انعقاد میں جامعات، بالخصوص BUITEMS، کوئٹہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور صوبے کی کاروباری برادری کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے رقبے کا تقریباً 47 فیصد حصہ رکھتا ہے، صوبے کو بنیادی ڈھانچے، صنعتی ترقی اور کاروباری سہولیات کے حوالے سے متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ حکومت ان زمینی حقائق سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
ہم مسائل سے انکار یا غیر حقیقی دعوے کرنے کے بجائے ان کا اعتراف کرتے ہوئے عملی اقدامات کے ذریعے بلوچستان میں ترقی اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور انفراسٹرکچر کی بہتری سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں حکومت بلوچستان وفاقی حکومت کے اشتراک سے اہم شاہراہوں، تجارتی راہداریوں اور سکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ سکیورٹی کے شعبے میں خطیر وسائل مختص کیے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لیے بھی کام جاری ہے۔ انہوں نے مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت بلوچستان، سکیورٹی فورسز اور پاک فوج ان کے جان و مال اور کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ بوستان، حب اور بیلہ سمیت مختلف صنعتی علاقوں میں سرمایہ کاروں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سرمایہ کاری کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ سرخ فیتے کی روایت اور غیر ضروری دفتری پیچیدگیاں ہیں۔ کسی سرمایہ کار کو کاروبار شروع کرنے کے لیے مختلف دفاتر کے چکر لگانے پڑیں تو اس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی بھی ہوتی ہے۔ حکومت بلوچستان ون ونڈو آپریشن اور آئی ٹی پر مبنی سہولیات کو مؤثر بنا رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر ضروری خدمات فراہم کی جا سکیں۔

بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ اور ان کی ٹیم اس ضمن میں سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں برداشت نہیں کرے گی اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی یقینی بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان صوبے کا قیمتی اثاثہ اور مستقبل ہیں۔ حکومت کا مقصد ریاست اور نوجوانوں کے درمیان موجود خلیج کو کم کرنا، انہیں بااختیار بنانا اور ان کی صلاحیتوں کو معاشی ترقی کے عمل سے جوڑنا ہے۔ اس مقصد کے لیے تعلیم، ہنرمندی، کاروبار اور روزگار کے مختلف پروگرام شروع کیے گئے ہیں۔
تاہم یہ سمجھنا ضروری ہے کہ حکومت تنہا تمام نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم نہیں کر سکتی۔ حکومت کا بنیادی کردار ایسا سازگار ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نجی شعبہ ترقی کرے، صنعتیں قائم ہوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کاروباری برادری اور نجی صنعتوں کے نمائندوں پر زور دیا کہ وہ بلوچستان کے نوجوانوں کو اپنے اداروں اور صنعتی یونٹس میں زیادہ سے زیادہ روزگار اور تربیت کے مواقع فراہم کریں۔ جامعات اور صنعتوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنایا جائے تاکہ طلباء و طالبات کو تعلیم کے دوران ہی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق عملی تربیت حاصل ہو اور ڈگری مکمل کرنے کے بعد انہیں روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں۔ نوجوانوں کو صرف سرکاری ملازمتوں کے انتظار تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں کاروبار، ہنرمندی اور نجی شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ وزیر اعلیٰ نے جامعات پر زور دیا کہ وہ روایتی تعلیمی نظام کے ساتھ تحقیق، اسکلز ڈویلپمنٹ، جدید ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی کورسز کو بھی فروغ دیں۔ جامعات کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق نصاب اور تربیتی پروگرام تشکیل دینے چاہئیں تاکہ بلوچستان کے نوجوان جدید عالمی معیشت میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ تعلیم کو روزگار اور معاشی خودمختاری سے منسلک کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 25 ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان مواقع کی تقسیم کے لیے ایک باقاعدہ طریقہ کار اختیار کیا گیا ہے، جس میں ان علاقوں کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے جہاں سرحدی تجارت اور غیر قانونی معاشی سرگرمیوں پر انحصار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چمن، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ جیسے سرحدی اضلاع کے نوجوانوں کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت سے بات چیت کی جائے گی تاکہ قانونی تجارت کے فروغ کے ساتھ مقامی آبادی کے معاشی مسائل بھی حل کیے جا سکیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے انتظامی اخراجات میں کمی اور ترقیاتی وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری شعبہ ہر نوجوان کو ملازمت فراہم کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اس لیے نجی شعبے کی شمولیت، صنعتی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ناگزیر ہے۔ بلوچستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے حکومت، سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور تعلیمی اداروں کو مشترکہ ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ وزیر اعلیٰ نے ایکسپو کے انعقاد پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ، منتظمین اور تمام شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ BITE 2026 بلوچستان میں سرمایہ کاری، تجارت، صنعت اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ نوجوانوں کے لیے روزگار اور معاشی خودمختاری کے نئے امکانات پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
