بلاول بھٹو زرداری آئین اور جمہوریت کے چیمپیئن بنتے ہیں مگر عملی کارکردگی صفر ہے، طلال چوہدری
ان کی باتیں ایسے ہیں جیسے وہ اپوزیشن لیڈر ہوں، صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ ان کے ہیں، تقریباً 70 فیصد پاکستان میں پی پی کی حکمرانی ہے، خود کو حکومت سے الگ ظاہر کرنا عجیب ہے؛ وزیرمملکت کی پریس کانفرنس

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آئین اور جمہوریت کے چیمپیئن بننے کی کوشش کرتے ہیں لیکن عملی طور پر جمہوریت کے لیے ان کی کارکردگی صفر ہے، آئین اپنی مرضی اور سہولت کے مطابق تشریح کرنے کا نام نہیں ہے کہ پسند کی شق ہو تو آئین اچھا اور دوسری صورت میں اسے غیر آئینی قرار دے دیا جائے۔
اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہون نے بلاول بھٹو زرداری کی گزشتہ روز کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی باتیں سن کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ کوئی اپوزیشن لیڈر ہوں حالانکہ اس وقت تین صوبوں اور گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، صدرِ مملکت اور چیئرمین سینیٹ بھی ان کی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ تقریباً 70 فیصد پاکستان میں حکمرانی کرنے کے باوجود خود کو حکومت سے الگ ظاہر کرنا انتہائی عجیب بات ہے اور سندھ میں 17 سالہ مسلسل حکمرانی کے بعد بھی انہیں عوامی مسائل کا جواب دینا ہوگا، آئینی عدالت کے قیام کا کریڈٹ پیپلز پارٹی خود اپنی تقریروں میں لیتی رہی ہے اور قومی اسمبلی میں اسے قائداعظم کا خواب اور اپنی جماعت کی میراث قرار دیا گیا مگر اب اس سے انحراف کیا جا رہا ہے۔
ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر جاری بحث کے حوالے سے انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی یونٹس بنانے کا بنیادی مقصد بہتر گورننس اور عوام کو دہلیز پر سہولتیں فراہم کرنا ہے، جس صوبے میں گورننس خراب ہے وہاں انتظامی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے جبکہ بہتر گورننس والے صوبوں کو تقسیم کرنے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے، وسائل پر اختیار عوام کی بہتری کے لیے ہونا چاہیے نہ کہ ذاتی مفادات کے لیے اور جمہوریت کا فیصلہ بیلٹ سے ہونا چاہیے بلٹ سے نہیں۔
طلال چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو شرم و حیا کا درس دینے سے پہلے وہ اپنے گورنر کو بھی یہ بات سمجھائیں کیونکہ گورنر خیبرپختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے سب سے پہلے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کی اور ایک بار نہیں بلکہ مسلسل ان کے خلاف بیانات دیتے رہے ہیں، قانون کی عملداری سب کیلئے یکساں ہونی چاہیے اور کوئی لیڈر یا حکومت قانون سے بالاتر نہیں ہے، مولانا فضل الرحمان پر کوئی حملہ نہیں کیا گیا بلکہ آئین اور قانون کے مطابق ان سے اثاثوں اور مالی معاملات پر سوالات کے جواب مانگے گئے ہیں، جن پر ایک روپے کی ناجائز کمائی کا بھی الزام ہو انہیں اپنی وضاحت پیش کرنی چاہیئے۔
190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ایک بار پھر ملتوی ہونے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی چوری ہے جس میں ملزمان رنگے ہاتھوں پکڑے گئے اور کرپشن کی رقم ان کے گھروں، جیبوں اور زمینوں سے برآمد ہوئی، عدالت میں سماعت ملتوی کرانے کے لیے پہلے ملاقات نہ ہونے، پھر وقت کم ملنے اور اب دیگر بہانوں کا سہارا لیا جا رہا ہے، اور تاخیری حربے ایسے استعمال ہو رہے ہیں جیسے کوئی چور اپنی چوری چھپانے کے لیے حیلے بہانے کرتا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سماعت ملتوی ہونے سے کسی ڈیل کا تاثر بھی ختم ہو گیا ہے اور مقدمات کا سامنا کرنے کے بجائے کبھی ملاقات، کبھی ہسپتال اور کبھی پشاور جانے کی نئی کہانیاں بنائی جا رہی ہیں، اگر 190 ملین پاؤنڈ کیس کے ملزم اور 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ سیاسی قیدی ہیں تو پھر سیاست اور انتشار میں فرق کیا رہ جائے گا؟ سیاست اور انتشار کو ایک ہی چیز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
