ہمارے سیاسی مخالفین بھی بالآخر یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں، بیرسٹرگوہر
ہمیں یقین ہے جب انصاف کے تقاضوں کے مطابق مقدمات کا فیصلہ ہوگا تو عمران خان بری ہوں گے اور دنیا دیکھے گی کہ وہ بے قصور ہیں، سب نے تسلیم کیا کہ پی ٹی آئی بڑی اسٹیک ہولڈر ہے؛ میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمیں یہ تو معلوم نہیں کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس کے مقاصد اور ارادے کیا ہیں، تاہم اس بات پر اطمینان ہے کہ سب نے یہ تسلیم کر لیا ہے کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی اسٹیک ہولڈر ہے اور اس کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں ہوسکتا، ہمارے سیاسی مخالفین بھی بالآخر یہ تسلیم کر رہے ہیں کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں، ہمیں یقین ہے جب انصاف کے تقاضوں کے مطابق مقدمات کا فیصلہ ہوگا تو عمران خان بری ہوں گے اور دنیا دیکھے گی کہ وہ بے قصور ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر القادر ٹرسٹ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے ملکی سیاست، نئے صوبوں کی بحث اور بانی پی ٹی آئی کے مقدمات کے حوالے سے پارٹی کا مؤقف پیش کیا، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی واضح ہدایات کے مطابق تحریک انصاف پاور شیئرنگ یعنی اقتدار میں شراکت داری پر یقین نہیں رکھتی، پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی وہ باہمی مشاورت، عمران خان کی ہدایات اور ملک و قوم کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ موجودہ سسٹم کے بینیفشری بن جاتے ہیں لیکن تحریک انصاف اس سسٹم کا بینیفشری بننے والی نہیں ہے کیونکہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ اصولوں کی جنگ لڑی ہے، عمران خان کو کیسز میں رات کے اندھیرے میں سزائیں سنائی گئیں، اب ساری دنیا کے سامنے دن کی روشنی میں ان اپیلوں کی سماعت ہونی چاہیئے تاکہ سب کو اصل حقائق نظر آئیں اور انصاف ملے، آج عمران خان کے سیاسی مخالفین بھی یہ کہنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ عمران خان ایک سیاسی قیدی ہیں۔
ملک میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اس وقت صوبوں پر بات کرنا فضول ہے، جب اس معاملے پر باقاعدہ بات آگے بڑھے گی اور ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگی، تب پارٹی کی سطح پر مشاورت کے بعد اس پر اپنا حتمی مؤقف دیا جائے گا، تحریک انصاف کے سیاسی کارڈز آج بھی ان کے سینے کے ساتھ لگے ہوئے ہیں اور وہ وقت آنے پر عمران خان سے مشاورت کے بعد ہی اپنے کارڈز ظاہر کریں گے۔
