ظالم اتنا طاقتور نہیں ہوتا جتنا مظلوم کی خاموشی اسے بناتی ہے، عوام اپنے حقوق کے لیے باہر نکلیں، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بدامنی، مہنگائی، خوف و دہشت، بارڈرز کی بندش، ظالمانہ سرداری نظام اور پٹرولیم لیوی و بھتہ ٹیکس کے خلاف اور امن و عوامی حقوق کے لیے 22 نومبر کو مرکزی امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں صادق شہید گرانڈ کوئٹہ میں منعقد ہونے والا عظیم الشان جلسہ تبدیلی کا پیش خیمہ اور بلوچستان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ عوام الناس، نوجوانوں، تاجروں، مزدوروں، ورکرز اور علمائے کرام سمیت تمام طبقات سے اپیل ہے کہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقاتوں اور ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل کی حفاظت، عوامی مسائل کے حل، بدامنی اور بارڈرز و شاہراہوں کی بندش کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ عوام جماعت اسلامی کی جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی سیاست کو عبادت سمجھ کر عوامی و اجتماعی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور مظالم و زیادتیوں کے خلاف کبھی خاموش نہیں رہے گی۔انہوں نے سوال کیا کہ کب تک بارڈرز اور سڑکیں بند رہیں گی؟ کب تک عوام غربت اور نوجوان بے روزگاری کا شکار رہیں گے؟ کب تک لٹیرے اور مفت خور ہم پر مسلط ہوکر لوٹ مار کرتے رہیں گے؟ کب تک ہمارے جگر گوشے لاپتہ ہوتے رہیں گے؟ کب تک عوام ظلم، بدامنی، بارڈرز کی بندش، نوجوانوں کی گمشدگی اور لاشیں اٹھانے کا درد برداشت کرتے رہیں گے؟ اجتماعی طور پر ہم کب خاموشی توڑیں گے؟مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ ظالم اتنا طاقتور نہیں ہوتا جتنا مظلوم کی خاموشی اسے طاقتور بنا دیتی ہے۔ اگر آج ہم اپنے اور اپنے بچوں کے حقوق کے لیے کھڑے نہ ہوئے تو کل ہمیں رونے کا بھی کوئی حق نہیں ہوگا۔بلوچستان کے عوام کو اب مایوسی اور خاموشی کے بجائے اتحاد، بیداری اور جدوجہد کا راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ ہمارے وسائل، ہماری عزت، امن اور روزگار پر پہلا حق یہاں کے عوام کا ہیانہوں نے اپیل کی کہ خدارا! اتوار 22 نومبر کو اپنے گھروں سے نکلیں،صادق شہید گرانڈ میں جماعت اسلامی کے عظیم الشان جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے حقوق، امن اور روشن مستقبل کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔
