پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی فی لیٹر 3 روپے سستا کردیا گیا۔
پیٹرول کی نئی قیمت 322 روپے مقرر کردی گئی ہے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھتے ہوئے 355 روپے مقرر کردی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے 19 نومبر کیلئے ہوگا۔
امریکا میں خام تیل اور ایندھن کے ذخائر میں اضافے کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری حملوں اور آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث قیمتوں میں کمی محدود رہی۔
رپورٹ کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 56 سینٹ یعنی 0.65 فیصد کمی کے بعد 85.45 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 16 سینٹ یعنی 0.17 فیصد گر کر 92.98 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
مارکیٹ ذرائع نے منگل کو امریکی پیٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں 52 لاکھ 80 ہزار بیرل کا اضافہ ہوا۔
اسی عرصے میں پٹرول کے ذخائر 51 لاکھ 20 ہزار بیرل بڑھ گئے، جبکہ ڈیزل اور دیگر کشید شدہ ایندھن کے ذخائر میں 3 لاکھ 51 ہزار بیرل کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔امریکا میں تیل اور ایندھن کے ذخائر بڑھنے سے رسد کے حوالے سے خدشات میں کمی آئی، جس کا اثر قیمتوں پر پڑا۔
