سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں جمعے سے منگل تک بارش کا الرٹ

ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں جمعے سے آئندہ منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیشنل سینٹر فار میٹرولوجی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جازان، الباحہ اور عسیر کے بعض حصوں میں درمیانے درجے سے شدید جبکہ مکہ مکرمہ ریجن کے کئی علاقوں میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اچانک سیلابی صورتحال، ژالہ باری، گرد وغبار اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔ بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جمعے سے منگل تک جاری رہے گا۔
سعودی عرب کے سول ڈیفنس نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
بیان کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ سیلابی پانی میں تیراکی سے گریز کیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔
