سی ڈی ڈبلیو پی نے 19 ارب 30 کروڑ روپے کے 7 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) نے مجموعی طور پر 191 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کے 11 ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیتے ہوئے 19 ارب 30 کروڑ روپے کے 7 منصوبوں کی منظوری دے دی، جبکہ 172 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے 4 منصوبے حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیے گئے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت ہونے والے سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں پنجاب کے 104 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے زرعی تبدیلی منصوبے کی ایکنک سے منظوری کی سفارش کی گئی۔ منصوبے کا مقصد کسانوں کی آمدن میں اضافہ اور زرعی شعبے میں پانی کے مؤثر استعمال کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تیسرے نظرثانی شدہ منصوبے کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ 47 ارب 60 کروڑ روپے مالیت کا یہ منصوبہ حتمی منظوری کے لیے ایکنک کو بھجوا دیا گیا۔ احسن اقبال نے پروگرام کی لاگت معقول بنانے اور کام کی تکرار سے بچنے کی ہدایت کی۔
سی ڈی ڈبلیو پی نے بلوچستان میں سبی تا تلی اور کوہلو تا رکھنی سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے 11 ارب 10 کروڑ روپے کے منصوبے کی بھی ایکنک سے منظوری کی سفارش کی۔ اسی طرح سوئی سے کشمور تک بلیک ٹاپ سڑک کی تعمیر کا 9 ارب 30 کروڑ روپے کا منصوبہ بھی ایکنک کو بھجوانے کی سفارش کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلولر سروسز کی توسیع کے 4 ارب 40 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں سندھ کے 16 اضلاع میں نوجوانوں کی تعلیم، روزگار اور بااختیار بنانے کا 60 کروڑ روپے کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت 15 ہزار نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جبکہ مستفید ہونے والوں میں تقریباً 50 فیصد خواتین شامل ہوں گی۔
پاکستان اور ایران کی سرحد پر تفتان اور گبد میں بارڈر ٹرمینلز کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ تفتان بارڈر ٹرمینل پر 4 ارب 80 کروڑ روپے سے زائد جبکہ گبد بارڈر ٹرمینل پر 4 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ ان ٹرمینلز کے قیام سے سرحد پار تجارت کو منظم کرنے، اسمگلنگ پر قابو پانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
سی ڈی ڈبلیو پی نے مارواٹ رینج میں تابکار معدنیات کی تلاش کے لیے پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا ایک ارب 40 کروڑ روپے کا منصوبہ بھی منظور کرلیا۔
اجلاس میں مظفرآباد میں میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید میڈیکل کالج کی تعمیر کے نظرثانی شدہ منصوبے کی منظوری دی گئی، جس پر 3 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مہاجرین کے انتظامی اداروں کو مضبوط بنانے کے منصوبے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
